QR CodeQR Code

پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف دنیا میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا، ثروت اعجاز قادری

21 Dec 2013 14:43

اسلام ٹائمز: سماجی رہنماﺅں کے وفد سے گفتگو میں پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ علماء کرام ہر اس سازش کو ناکام بنا دیں جس سے انتہاءپسندی اور دہشتگردی کو تقویت ملتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ متفقہ قرارداد کی روشنی میں ڈرون حملے رکوانے کیلئے اقدامات کرے۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف دنیا میں قیام امن کیلئے فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا۔ ماضی میں بھی کشمیر کی آزادی کیلئے قرارداد منظور ہوئی مگر آج تک کشمیر کے عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، انسانی حقوق کی تنظیموں نے اپنا مثبت کردار ادا نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر سماجی رہنماوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بھارت اگر خطے میں پائیدار امن چاہتا ہے تو کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرارداد کی روح کے مطابق حل کرے۔
 
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امریکی ڈرون حملے ملکی سلامتی و خود مختاری کے خلاف ہیں، اقوام متحدہ سمیت تمام ممالک ڈرون حملوں کو روکنے کیلئے امریکا پر دباو بڑھائیں۔ سربراہ پی ایس ٹی نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں قیام امن کیلئے ضروری ہے کہ انتہاءپسندی کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ رنگ و نسل، مذہبی، لسانی، سیاسی واریت کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے، علماءکرام ہر اس سازش کو ناکام بنا دیں جس سے انتہاءپسندی کو تقویت ملتی ہے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان نے انتہاءپسندی اور دہشتگردی کے خلاف دنیا میں قیام امن کیلئے فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا اور آج اس کی سزا یہ مل رہی ہے کہ دوسروں کی دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کی جنگ بن گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 332813

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/332813/پاکستان-نے-دہشتگردی-کیخلاف-دنیا-میں-فرنٹ-لائن-کا-کردار-ادا-کیا-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org