0
Monday 23 Dec 2013 20:11

صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا علامہ ساجد نقوی اور فضل الرحمن کو فون، قیام امن میں تعاون کا مطالبہ

صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا علامہ ساجد نقوی اور فضل الرحمن کو فون، قیام امن میں تعاون کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر اور خصوصاً راولپنڈی کی کشیدہ صورتحال پر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن سے گفتگو میں صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ دینی اور سیاسی اعتبار سے مولانا فضل الرحمن کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں اور وہ ایسے موقع پر سب سے بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں کیونکہ اہل سنت اور اہل تشیع دونوں حضرات مولانا فضل الرحمن کا احترام کرتے ہیں اور انہیں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے جبکہ انکے حکومت سے بھی قریبی رابطے ہیں، اسلئے وہ اس معاملے پر اپنا فعال کردار ادا کریں، جس پر مولانا فضل الرحمن نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کرینگے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اتحاد امت کیلئے ہمیشہ علامہ ساجد نقوی صف اول میں رہے ہیں، اس لئے اس صورتحال پر بھی وہ اپنا کردار ادا کریں، جس پر علامہ ساجد نقوی نے صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد امت کیلئے ہم نے پہلے بھی کردار ادا کیا اور اب بھی تیار ہیں، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں امہ کی فلاح صرف اور صرف اتحاد میں ہی مضمر ہے۔ واضح رہے کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر راولپنڈی میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں، ایک طرف شہدائے کربلا کے چہلم کا جلوس برآمد ہونا ہے جبکہ دوسری جانب اہلسنت والجماعت نے بھی جامع تعلیم القرآن کے باہر جلوس کے روٹ پر شہداء کانفرنس کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ماتمی جلوس کو بھی روکنے کی دھمکی دیدی ہے، جس پر حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 333556
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش