0
Tuesday 24 Dec 2013 18:11

عرس داتا گنج بخش کی تقریبات جاری، علما کی جانب سے ڈھول ڈھمکے کی مذمت

عرس داتا گنج بخش کی تقریبات جاری، علما کی جانب سے ڈھول ڈھمکے کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ لاہور کی معروف روحانی شخصیت حضرت داتا گنج بخش کے عرس کی تقریبات جاری ہیں۔ اس سلسلہ میں دربار کے سماع ہال میں محفل سماع منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے قوالوں نے مختلف قوالیاں پیش کیں۔ دوسری جانب آستانہ شاہ گردیز مغل پورہ میں داتا گنج بخش کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید شاہد حسین گردیزی، سید مختار اشرف رضوی، علامہ محمد اشرف، مفتی دلنواز نورانی، مولانا صدام حسین، پروفیسر احمد حسین اور دیگر علماء ومشائخ نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کی برصغیر میں اسلام کی اشاعت، تبلیغ اور خدمت کسی تعارف کی محتاج نہیں، آپ کی تعلیمات و تصانیف اور ان کا مزار مخلوق خدا کیلئے بہت بڑا ہدایت کا ذریعہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ داتا گنج بخش ظاہری اور باطنی علوم میں اپنے وقت کے امام تھے، جس کا اندازہ ان کی مشہور کتاب کشف المجوب سے لگایا جا سکتا، آپ نے برصغیر میں اسلام کی شمع روشن کی، آپ نے تصوف کے چشمہ ثانی میں ابھرنے والی ہر موج کو شریعت اسلام کا پابند بنایا۔ علماء نے کہا کہ مزارات پر ہونے والے ڈھول ڈھمکوں اور بھنگڑوں سمیت دیگر غیر شرعی حرکات کی شریعت ہرگز اجازت نہیں دیتی، ہم ایسی تمام غیر شرعی حرکات کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

علماو مشائخ کہا کہ عرس کے موقع پر محکمہ اوقاف کے فرائض میں یہ شامل ہے کہ ڈھول ڈھمکوں سمیت غیر شرعی حرکات کو سختی سے رکوایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر فرقہ واریت پھیلا کر وطن عزیز کا امن وامان تہہ وبالا کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ لہذا آج کی کانفرنس کی وساطت سے حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فرقہ واریت پھیلانے والے افراد اور مدارس کا محاسبہ کیا جائے اور ایسا لٹریچر جو فرقہ واریت کو پروان چڑھانے اور بالخصوص مزارات اولیاء جو انوار و تجلیات کے مراکز ہیں ان کے بارے میں غلط پروپیگنڈا کا باعث ہیں، ایسے ہر قسم کے لٹریچر پر پابندی لگائی جائے اور ایسے لٹریچر کے مصنفین اور پبلیشرز کیخلاف بھی حسب ضابطہ کارروائی کی جائے، داتا گنج بخش علی ہجویری کی شہرہ آفاق کشف المعجوف کو نصاب تعلیم میں شامل کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 333856
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش