QR CodeQR Code

ملک بالخصوص کراچی سے سازشی عناصر کا خاتمہ بے حد ضروری ہے، شمشاد غوری

25 Dec 2013 00:52

اسلام ٹائمز: کراچی چیمبر آف کامرس کے وفد سے گفتگو میں وائس چیئرمین ایم کیو ایم حقیقی نے کہا کہ کراچی کی دہشتگرد جماعت کے سازشی عناصر اشتعال انگیز بیانات کی آڑ میں حکومتی رٹ کو چیلنج اور عدلیہ کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا کہ ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کرنے اور بدترین بدعنوانی میں ملوث عناصر چاروں اطراف سے ملک کو توڑنے کی سازشیں رچانے میں سرگرم ہیں اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے کئی شہروں میں ٹارگٹ کلنگ، دہشتگردی، جبری بھتہ خوری اور لوٹ مار جیسے گھناﺅنے ہتھکنڈے معصوم و مظلوم عوام پر استعمال کرتے چلے آرہے ہیں جس کے پیش نظر عوام سخت ذہنی اذیت کے شکار ہو چکے ہیں۔ پارٹی چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر کراچی چیمبر آف کامرس سے آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شمشاد غوری نے کہا کہ سازش کے تحت کئے گئے احتجاج اور دھرنوں کے زریعے عوام کی معاشی زندگی متاثر کرنا معصوم عوام کے ساتھ سراسر زیادتی اور ناانصانی کے مترادف اور قابل مذمت ہے۔

شمشاد غوری نے کہا کہ کراچی کی دہشتگرد جماعت کے سازشی عناصر اشتعال انگیز بیانات کی آڑ میں حکومتی رٹ کو چیلنج اور عدلیہ کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں، حکومت ایسی جماعت کے بیانات اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجود وقت میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کی تعمیر ترقی کیلئے تمام مذہبی اور سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں تاکہ ملکر ملک دشمن عناصر کے خلاف حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔ شمشاد غوری کا کہنا تھا کہ ملکی بقاء و سلامتی کی خاطر ملک بالخصوص کراچی سے گھناﺅنے سازشی عناصر کا خاتمہ بے حد ضروری ہے۔


خبر کا کوڈ: 334010

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/334010/ملک-بالخصوص-کراچی-سے-سازشی-عناصر-کا-خاتمہ-بے-حد-ضروری-ہے-شمشاد-غوری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org