0
Wednesday 25 Dec 2013 10:05

ہند و پاک ڈی جی ایم او بات چیت، فائر بندی کی موثر عمل آوری پر اتفاق

ہند و پاک ڈی جی ایم او بات چیت، فائر بندی کی موثر عمل آوری پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ بھارت و پاکستان ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر قائم رکھنے کیلئے جو میکانزم موجود ہے اُسے اور زیادہ موثر بنایا جائے، یہ معاہدہ واگہ سرحد دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان 14 سال کے طویل عرصے کے بعد روبرو بات چیت کے دوران کیا گیا، اس دوران سرحدی معاملات کو لیکر بی ایس ایف اور پاکستانی رینجرس کے اعلیٰ افسران کے درمیان 4 روزہ بات چیت کا آغاز کل لاہور میں ہوا، دونوں ڈی جی ایم اوز کے درمیان 24 دسمبر کو میٹنگ طے کی گئی جس کے لئے لیفٹنٹ جنرل ونود بھاٹیہ منگل کی صبح واگہ امرتسر میں ہند پاک سرحد پر پہنچے، اس موقعہ پر ان کے ہمراہ سینئر فوجی کمانڈر بھی تھے اور پاکستان کے ڈی جی ایم او میجر جنرل عامر ریاض نے اپنے افسران کے ہمراہ بھارتی وفد کا خیر مقدم کیا، اس سے قبل دونوں فوجی کمانڈر نے جولائی 1999ء میں کرگل آپریشن کے دوران ایک دوسرے سے ملاقات کی تھی، ڈی جی ایم اوز کے درمیان یہ ملاقات واگہ سرحد کے قریب ’’نو مینز لینڈ‘‘ پر ہوئی اور اس میں بھارتی ڈی جی ایم او کی معاونت 2 بریگیڈئراور 3 کرنل جبکہ پاکستانی ڈی جی ایم کی معاونت 2 بریگیڈئر ور 2 کرنل کررہے تھے، قریب 2 گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں جموں کشمیر میں لائن آف کنٹرول سے جڑے معاملات، سیز فائر کی خلاف ورزی اور اس کی پاسدار ی کو یقینی بنانے جیسے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میٹنگ کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملٹری کمانڈروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کو قائم رکھنے کیلئے جو میکانزم موجود ہے اسے مزید موثر اور جاندار بنایا جائے، دو گھنٹے تک ہوئی میٹنگ کے بعد ونود بھاٹیہ نے نامہ نگاروں سے کہا ’’ہم نے لائن آف کنٹرو ل اور موجودہ میگانزم پر بات کی، بات چیت انتہائی خوشگوار، تعمیری اور نتیجہ خیز ماحول میں ہوئی‘‘، ان کا مزید کہنا تھا ’’ہم نے اس بات کا فیصلہ کیا کہ فائر بندی کو نہ صرف موثر بلکہ مضبوط بنایا جائے اور اس کیلئے یہ بات محسوس کی گئی کہ لائن آف کنٹرول پر موجود بریگیڈ کمانڈروں کی بہت جلد میٹنگ منعقد ہوگی جس میں امن کو مضبوط بنانے کے بارے میں مزید تبادلہ خیال کیا جائیگا‘‘، مشترکہ بیان میں یہ بات بھی کہی گئی کہ دونوں فوجی کمانڈر ہارٹ لائن پر رابطے میں رہیں گے تاکہ مزید موثر اور نتیجہ خیز صورتحال کو عمل میں لایا جائے، یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ غلطی سے لائن آف کنٹرول عبور کرنے کے والے شہریوں کا تبادلہ کیا جاسکے تاکہ اُن کی باعزت واپسی کو یقینی بنایا جاسکے، اُدھر پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم بھاجوا نے نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ بات چیت انتہائی دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں ہوئی اور فریقین نے کھل کر خیالات کا تبادلہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 334056
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش