QR CodeQR Code

قائداعظم کے فرامین پر عمل کر کے ہم ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، راغب نعیمی

25 Dec 2013 19:20

اسلام ٹائمز: نائب ناظم اعلیٰ تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہر فورم پر یہ کہا تھا کہ پاکستان میں اسلامی قوانین کے عین مطابق قوانین بنائے جائیں گے اور آئین پاکستان کے مطابق تمام اقلیتوں کو ان کے حقوق حاصل ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ قائداعظم محمد علی جناح کے خیالات کو عام کر کے پاکستان دنیامیں اپنا اعلیٰ مقام حاصل کر سکتا ہے قیام پاکستان سے لیکر آج تک ہم نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو قائداعظم محمد جناح کے خیالات کے عین مطابق چلانے کی کسی سطح پر بھی کوشش نہیں کی، اسی لیے آج پاکستان مختلف مسائل اور مشکلات میں مبتلا ہے اگر آج بھی ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کی روشنی میں چلانے کی کوشش کریں توپاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ یہ بات ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ اور نائب ناظم اعلیٰ تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان مولانا راغب حسین نعیمی نے جامعہ نعیمیہ میں قائداعظم محمد علی جناح کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہر فورم پر یہ کہا تھا کہ پاکستان میں اسلامی قوانین کے عین مطابق قوانین بنائے جائیں گے اور آئین پاکستان کے مطابق تمام اقلیتوں کو ان کے حقوق حاصل ہوں گے اور وہ اپنی آزادی کے مطابق اپنی زندگی اور مذہبی رسومات ادا کر سکیں گے کیونکہ اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے جس میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے اسی لیے تو آج دنیا میں سب سے تیزی سے پھیلنے والا مذہب اسلام ہے۔ مولانا محمد راغب حسین نعیمی کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح نے فرمایا تھا کہ کوئی قوم اس وقت ترقی نہیں کر سکے گی جب وہ تعلیم کو اہم نہیں سمجھے گی آج ہمیں سوچنا چاہیے کہ کیا اسلامی جمہوریہ پاکستان کی عوام کو تعلیم جیسی اہم ضرورت کو پورا کرنے کے مناسب مواقع موجود ہیں یا نہیں اگر نہیں تو پھر تمام جماعتوں کو یکجا ہو کر تعلیم کے اعلیٰ معیار کو قائم کرنے کیلئے یکسو ہونا پڑے گا تاکہ آنیوالی نسل کو ہم بہتر پاکستان دے سکیں۔


خبر کا کوڈ: 334236

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/334236/قائداعظم-کے-فرامین-پر-عمل-کر-ہم-ملک-کی-تقدیر-بدل-سکتے-ہیں-راغب-نعیمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org