QR CodeQR Code

مخالف امیدواروں کو نشانہ بنانا متحدہ کی گھناﺅنی پالیسی کا حصہ ہے، کاشف مغل

26 Dec 2013 22:02

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں ایم کیو ایم حقیقی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری نے کہا کہ متحدہ نے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے جس کا ثبوت موجودہ وقت میں اس دہشتگرد جماعت کے منظر عام پر آنے والے کروڑوں کے اثاثے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری کاشف مغل نے کہا ہے کہ اپنے دورِ اقتدار سے تاحال بلدیاتی اداروں کو تباہی کی دہلیز پر پہنچانے میں ملوث کراچی پر قابض جانی پہچانی دہشت گرد جماعت کے کارندوں نے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے، جس کا ثبوت موجودہ وقت میں دہشت گرد جماعت کے منظر عام پر آنے والے کروڑوں کے اثاثے ہیں جو صرف ذاتی مقاصد کیلئے عوام سے چھپا کر رکھے گئے تاکہ اپنے بیرون ملک بیٹھے قائد کی پرورش کرسکیں۔ اپنے ایک بیان میں کاشف مغل نے کہا کہ متوسط طبقے کی جماعت کے کروڑوں کے اثاثے اس جماعت کیلئے شرم کا مقام ہے کیونکہ اپنی فرعونیت کی حقیقت کو جانتے ہوئے عوام کے سامنے بے شرمی کا مظاہرہ کرنا دہشت گرد جماعت کی قیادت کا فلسفہ اور اس کے کارندوں کی سیاسی پرورش کا حصہ ہے جس کے پس پردہ حقائق سے عوام بخوبی واقف ہیں۔
 
کاشف مغل نے کہا کہ موجودہ حالات میں بلدیاتی انتخابات میں متوقع شکست کے پیش نظر متحدہ اپنی اصلیت پر آگئی ہے، انتخابات میں مخالف امیدواروں کو نشانہ بنانا متحدہ کی گھناﺅنی پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی دو بڑی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو نشانا بنایا جا چکا ہے اور آج پھر حکومتی جماعت کے بلدیاتی انتخابات میں کھڑے ہونے والے امیدوار کو نشانہ بنانا اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ کاشف مغل نے کہا کہ اگر حکومت نے اب بھی کراچی کے بگڑتے حالات پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا تو صورتحال سنگین شکل اختیار کر سکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 334580

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/334580/مخالف-امیدواروں-کو-نشانہ-بنانا-متحدہ-کی-گھناﺅنی-پالیسی-کا-حصہ-ہے-کاشف-مغل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org