0
Sunday 29 Dec 2013 11:06

بدعنوان ٹولہ پیپلز پارٹی کی بنیادیں کھوکھلی کرنے میں مصروف ہے، بیرسٹر سلطان

بدعنوان ٹولہ پیپلز پارٹی کی بنیادیں کھوکھلی کرنے میں مصروف ہے، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سابق صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ کرپٹ ٹولے پر پہلے ممبران اسمبلی نے عدم اعتماد کیا تھا۔ آج عوام نے بھی بدعنوان حکمرانوں پر عدم اعتماد کر دیا ہے۔ محترمہ شہید کی برسی کے جلسہ کی مخالفت کرنے والے حکومتی گروپ کو آج کے تاریخ ساز جلسہ کے بعد اپنی اوقات کا اندازہ ہو گیا ہو گا۔ پارٹی کے مخلص، نظریاتی اور محترمہ شہید کے جانثار کارکنوں نے حکمران ٹولے کی مخالفت کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئے جلسہ عام کو کامیاب بنایا۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ہائی کمان نے آزاد کشمیرکے معاملات پر توجہ نہ دی اور کارکنان کی آواز پر لبیک نہ کہا تو آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن میں جانے کی پوزیشن میں نہیں ہو گی۔ 

بیرسٹر سلطان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے بہترین مفاد میں ہے کہ مرکزی قیادت آزادکشمیر میں بدعنوان ٹولے سے نجات حاصل کرے۔ بینطیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر اس عزم کا عہد کرتے ہیں کہ محترمہ کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھیں گے اور انکے مشن کو عملی جامعہ پہنائیں گے۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان کے حقوق کا تحفظ کیا جائیگا اور کسی کو کارکنان کے حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ متاثرین زلزلہ، متاثرین منگلا اور برخاست کیے گئے ملازمین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ان کے حق کیلئے ہر فورم پر آواز بند کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز دارالحکومت مظفرآباد میں محترمہ شہید کی چھٹی برسی کے حوالے سے منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ 

جلسہ عام سے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر و سابق وزیر خواجہ فاروق احمد، ممبر کشمیر کونسل چوہدری محبوب، سابق مشیر چوہدری اخلاق، راجہ شمشاد، سابق میئر میونسپل کارپوریشن نثارالحسن گیلانی، سابق چیئرمین ڈیم مقبول وار، انجم نثار میر ایڈووکیٹ، سابق امیدوار اسمبلی چوہدری شفقت، صاحبزادہ محمود ایڈووکیٹ، عبدالرزاق خان، ظہور میر، راجہ شیراز، ہمایوں زمان مرزا، امتیاز عباسی، یاسر مغل، سمیت پی ایس ایف اور پی وائی او سمیت ذیلی تنظیموں کے عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔ 

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن مایوس نہ ہوں۔ جیالے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ اللہ کی ذات انہیں مایوس نہیں کریگی۔ ہم نے پارٹی کے استحکام اور اتحاد کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ متاثرین منگلا، متاثرین زلزلہ کے حق کی بات کرتے رہیں گے اور عالمی ڈونرز کے فنڈز کا حساب لیں گے اور کرپشن کا راستہ روکیں گے اور پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی سازشیں ناکام بنا دینگے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے استحکام اورکارکنان و جیالوں کے حقوق کیلئے ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کارکن اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں، انہیں جلد بڑی خوشخبری ملنے والی ہے۔ نیاسال پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور جیالوں کیلئے نوید مسرت لے کر آ رہا ہے۔ بہت جلد آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کا راج ہوگا۔ پیپلز پارٹی کی ہائی کمان کو ساری صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے اور ہائی کمان جیالوں کو کبھی مایوس نہیں کریگی۔ 

اس موقع پر جلسہ کے منتظم خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے نام پر برسر اقتدار ٹولہ پیپلز پارٹی کی بنیادیں کھوکھلی کرنے میں مصروف ہے۔ مظفرآباد سے پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی گئی۔ لیکن ہم نے پارٹی دشمنوں کا مقابلہ کیا اور آئندہ بھی انہیں للکارتے رہیں گے۔ اس وقت مظفرآباد جو منی لاڑکانہ سمجھا جاتا ہے مشق ستم بنا ہوا ہے۔

جلسہ سے خطاب کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ حکومتی وزراء نے برسی کے جلسہ کو ناکام بنانے کیلئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کرتے رہے۔ کارکنوں کو محترمہ شہید کی برسی کے جلسہ میں شرکت سے روکنے کے لئے انہیں بلیک میل کیا جاتا رہا۔ لیکن حقیقی جیالوں نے پارٹی کے غداروں کی ہر چال ناکام بنا دی اور جلسہ کو نہ صرف کامیاب بنایا بلکہ تاریخ رقم کر دی ہے۔ محترمہ شہید کی برسی کے جلسہ کی مخالفت کرنے والے جنرل ضیاء کے پروردہ ہیں۔ جو کام ڈکٹیٹر ضیاء نہیں کرسکا وہ کام آج اس کے کارندے کر رہے ہیں اور شہداء کی پارٹی کیخلاف آستین کے سانپ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔  

خبر کا کوڈ : 335307
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش