0
Sunday 29 Dec 2013 17:48

دھرنا دینے والوں کو کراچی کی ہزاروں سڑکوں پر موجود رکاوٹیں کیوں نظر نہیں آتیں، تاج حیدر

دھرنا دینے والوں کو کراچی کی ہزاروں سڑکوں پر موجود رکاوٹیں کیوں نظر نہیں آتیں، تاج حیدر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری تاج حیدر نے کہا ہے کہ اگر کوئی بھی جماعت یا شخص یہ سمجھتا ہے کہ شہید بی بی صاحبہ کا گھر خطرے میں ہوگا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے کارکنان اپنے گھروں میں بیٹھے رہیں گے تو وہ سخت غلطی پر ہے۔ جمہوریت کی بقاء اور تسلسل کی خاطر ہم نے انتہا درجے کے صبر سے کام لیا ہے اور ہرظلم اور نا انصافی کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا ہے لیکن ہمارے صبر اور برداشت کو ہماری کمزوری سمجھنے والے اور شہید بی بی صاحبہ کے گھر کے راستوں کو دہشت گرد کاروائیوں کیلئے عدالتی حکم کی آڑ میں کھلوانے کی خواہش رکھنے والے یہ سمجھ لیں کہ ہماری تاریخ شہادتوں کی تاریخ ہے اور پیپلز سیکریٹیریٹ کی شہداء گیلری کی دیواریں ہمارے سینکڑوں شہداء کی تصویروں سے بھری ہوئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں بلاول ہاؤس چورنگی پر پاکستان تحریک انصاف کے دھرنا دینے کی کوشش کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔
 
تاج حیدر نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی میں انتخابی مہم چلانے والے ’دلیروں ‘ کو آخر کراچی کی وہ ہزاروں سڑکیں اور گلیاں کیوں نظر نہیں آتیں جن کو لوہے کے گیٹ اور رکاوٹیں لگا کر مستقل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور جہاں کے رہنے والوں تک کو طویل چکر کاٹ کر اور کئی کئی جگہ اپنی شناخت کرا کر اپنے گھروں تک پہنچنا نصیب ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے خاندان کو جس نے پاکستان کی خاطر شہادتیں قبول کی ہیں اور جو دہشت گردوں کی جانب سے بدترین خطرات کے باوجود جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک اور جمہوریت کیلئے جدوجہد کر رہا ہے، نشانہ بنانے کے بجائے یہ بہادر آخر ایسی ہزاروں گلیوں میں سے چند پر دھرنا کیوں نہیں دیتے جہاں لوہے کے گیٹ مستقل طور پر نصب کر دئیے گئے ہیں، کیا صرف اس وجہ سے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن امن اور سلامتی کی سیاست کرتے ہیں اور ان ہزاروں گلیوں میں بندوق کی نال پر سیاست کی جاتی ہے۔ رہنماء پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ بھی یاد رکھا جائے کہ شہید بی بی صاحبہ کے گھر کے اطراف سیکیورٹی انتظامات سرکاری اداروں کے ذریعے قانونی طور پر کئے جا رہے ہیں جب کہ ہزاروں گلیوں کو نجی لشکروں نے غیر قانونی طور پر بند کیا ہوا ہے۔

پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ کوئی بھی معاملہ ہو ہماری عدالتوں کو صرف ایک ہی خاندان اور ایک ہی پارٹی نظر آتی ہے۔ تاج حیدر نے کہا کہ ہم منتظر رہیں گے کہ کب ہماری عدالتیں ہزاروں سڑکوں پر موجود ان رکاوٹوں اور آہنی دروازوں کا نوٹس لیتی ہیں اور کب دہشت گردوں کی سرپرستی میں انتخابی مہم چلانے والے دھرنا دے کر ان رکاوٹوں کو ہٹاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں جانے مانے دہشت گردوں کو رہا کرتے وقت عدالتیں یہ کہتی رہی ہیں کہ ثبوت اور گواہیاں ان کے سامنے پیش نہیں کی گئیں۔ آہنی دروازے اور لوہے کی رکاوٹیں تو ہر شخص کو نظر آتی ہیں، ان کا نوٹس لینے کیلئے آخر کس ثبوت کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 335420
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش