QR CodeQR Code

جینز پہنے منی طالبان سے نہیں ڈرتے

طالبان کیلئے عمران خان کی ہمدردی پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان واحد رکاوٹ ہے، بلاول بھٹو

عمران خان ملک میں انتشار پھیلانے کو اپنی عادت بنا چکے ہیں

29 Dec 2013 18:40

اسلام ٹائمز: اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اگر تحریک انصاف طالبان سے متعلق اپنا موقف تبدیل کرے تو پاکستان کی ترقی کیلئے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف ملکر کام کر سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی جماعت جینز پہنے منی طالبان سے نہیں ڈرتی۔ پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے جیالوں کے درمیان بوٹ بیسن پر ہونے والی جھڑپ کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پرامن مظاہرہ سب کا حق ہے لیکن تشدد کی کسی صورت حمایت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کو اپنے کارکنان کو اس بات کی اجازت نہ دینی چاہئے کہ وہ احتجاج میں اسلحہ لے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار پھیلانے کو اپنی عادت بنا چکے ہیں۔ جب حکیم اللہ محسود ڈرون حملے میں ہلاک ہوا تو انہوں نے نیٹو سپلائی کی بات کی اور جب میں نے 27 دسمبر کو تحریک طالبان پاکستان سے متعلق بات کی تو عمران خان نے طالبان سے اپنی صلح کی پالیسی پر نظرثانی کی بجائے عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانے کیلئے بلاول ہاؤس کی دیوارگرانے کی بات کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام خصوصاً نوجوان نسل شترمرغ کی طرح ریت میں سرچھپانے کی سیاست سے بیزار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت پاکستان کے مستقبل کو درپیش حقیقی خطرات بالخصوص تحریک طالبان جیسے خطرے پر بات کرنی چاہیئے۔ دہشتگرد اس وقت معصوم عوام، قائدین اور فوجیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ اگر تحریک انصاف طالبان سے متعلق اپنا موقف تبدیل کرے تو ملکر ملک کی ترقی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف ملکر کام کر سکتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ میری والدہ کو قتل اور ہمارے بھائیوں کو نشانہ بنانے والے طالبان دہشتگردوں کیلئے عمران خان اور تحریک انصاف کا ہمدردانہ رویہ، صلح پسند پالیسی اور بہانے ہمارے درمیان واحد چیز اور رکاوٹ ہے۔


خبر کا کوڈ: 335432

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/335432/طالبان-کیلئے-عمران-خان-کی-ہمدردی-پیپلز-پارٹی-اور-تحریک-انصاف-کے-درمیان-واحد-رکاوٹ-ہے-بلاول-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org