0
Sunday 29 Dec 2013 19:44

بین المسالک ہم آہنگی کیلئے علما کونسل بنانے کا فیصلہ

بین المسالک ہم آہنگی کیلئے علما کونسل بنانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا ہے کہ علما کے مابین اختلافی مسائل کے حل، مذہبی منافرت کے خاتمے اور مختلف مسالک کے مابین رواداری کے فروغ کے لیے بلدیاتی انتخابات کے بعد تمام مکاتب فکر کے علما پر مشتمل علما کونسل بنائی جائے گی جس میں تمام تر فروعی معاملات کو کونسل کے سفارشات کی روشنی میں حل کیا جائے گا۔ یہ کونسل آئندہ محرم الحرام سے قبل مکمل طور پر فنکشنل ہو جائے گی۔ وہ آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں مذہبی رواداری کے فروغ اور سانحہ راولپنڈی کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے بلائے گئے علما کرام کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر ماحولیات کرنل (ر) شجاع خانزادہ، سیکرٹری ہوم میجر (ر) اعظم سلیمان، کمشنر راولپنڈی خالد مسعود، آرپی او راولپنڈی اختر لالیکا، مولانا عزیز الرحمن، مولانا اشرف طاہر، مولانا حنیف جالندھری، قاضی عبد الرشید اور خطیب بادشاہی مسجد عبدالخیر آزاد کے علاوہ دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔

رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے دوران علماء کرام کا کردار دانائی پر مبنی تھا جسکی وجہ سے معاملہ سنگین ہونے سے بچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی قومی یکجہتی کے خلاف گہری سازش تھی، امن کے دشمن مذہبی منافرت پیدا کر کے ملی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی مذموم کوشش کے درپے تھے جنہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزادی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء راولپنڈی کی نماز جنازہ میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کر کے بھائی چارے کا ثبوت دیا ہے۔ وزیرقانون نے کہا کہ علماء کرام اصلاح کے پیامبر ہیں، انہیں چاہئے کہ وہ اپنی صفوں میں صلح، محبت، رواداری اور افہام و تفہیم کی فضا پیدا کر کے خلوص نیت سے اس پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام اپنی تقریروں میں توازن اور اعتدال پیدا کریں۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان جتنی حکومت کی ذمہ داری ہے اتنا ہی یہ پرسکون عبادت کیلئے ضروری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درگزر کا راستہ اختیار کر کے ہم بدامنی کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر علماء کرام نے صوبائی وزیر کو 10 محرم کے واقعہ میں گرفتار افراد اور بعض پر درج مقدمات پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر وزیر قانون نے کمشنر راولپنڈی، آر پی او راولپنڈی اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پر مبنی تین رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ انہوں نے اراکین کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ علماء کرام کے ساتھ بیٹھ کر ان کے جائز تحفظات کو دور کریں۔ اجلاس کے آخر میں علماء کرام نے حکومتی امن کوششوں کی تائید کی اور پنجاب حکومت کی مفاہمتی پالیسی کو سراہا۔
خبر کا کوڈ : 335443
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش