QR CodeQR Code

کراچی، ایم ڈبلیو ایم کے شہید بلدیاتی امیدواروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

30 Dec 2013 19:34

اسلام ٹائمز: نماز جنازہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل کی امامت میں ادا کی گئی، شرکاء جنازہ نے اس موقع پر ’’ لبیک یاحسین (ع)، شہادت سعادت، پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے‘‘ کے نعرے بلند کئے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے تین امیدوار محمد علیم عرف عالم ہزارہ، صفدر عباس اور علی شاہ کی نماز جنازہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی امامت میں کامران چورنگی گلستان جوہر میں ادا کر دی گئی۔ اس موقع پر علامہ محمد امین شہیدی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ سید صادق رضا تقوی، علی حسین نقوی، تصور حسین ایڈووکیٹ و دیگر رہنماؤں سمیت ہزاروں کی تعداد میں سوگواروں نے شرکت کی۔ شرکاء جنازہ نے اس موقع پر ’’ لبیک یاحسین (ع)، شہادت سعادت، پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے‘‘ کے نعرے بلند کئے۔ 

نماز جنازہ میں انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ سوگوار لواحقین اور تنظیمی کارکنان ایک دوسرے سے گلے مل کر دھاڑیں مار مار کر رو رہے تھے۔ بعد ازاں تینوں شہداء کے جسد خاکی کو مغل ہزارہ گوٹھ قبرستان میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ تدفین میں ہزاروں سوگواروں کے ہمراہ علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ محمد امین شہیدی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ شہید محمد علیم عرف عالم ہزارہ، صفدر عباس اور علی شاہ کو گذشتہ شب ڈالمیا روڈ پر لسانی جماعت کے تکفیری دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 335754

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/335754/کراچی-ایم-ڈبلیو-کے-شہید-بلدیاتی-امیدواروں-کی-نماز-جنازہ-ادا-کر-دی-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org