QR CodeQR Code

کرپٹ نظام انتخاب کی تبدیلی تک جدوجہد جاری رہے گی، طاہرالقادری

31 Dec 2013 19:07

اسلام ٹائمز:پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب ’’جماعت انقلاب‘‘ قائم ہو گی اور لٹیرے ملک چھوڑ کر بھاگ جائیں گے، منظم احتجاجی ریلی کے انعقاد پر عوام اور عوامی تحریک کے کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے لاہور کی منظم احتجاجی ریلی کے انعقاد پر عوام اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کے کارکنوں کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انقلاب کی طرف بڑا قدم تھا، وہ وقت دور نہیں جب جماعت انقلاب قائم ہو گی اور لٹیرے ملک چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے تھے، ان کے اصولوں کے مطابق نیا پاکستان تشکیل دیں گے، پرامن جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتا ہوں، مہنگائی، کرپشن، بیروزگاری اور بدامنی کیخلاف 29 دسمبر کی احتجاجی ریلی ہماری 33 سالہ پرامن جدوجہد کا ہی تسلسل تھا جو کرپٹ حکمرانوں اور موجودہ کرپٹ نظام انتخاب کی تبدیلی تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کر کے ہی پاکستان کو دنیا میں باوقار معاشی اور سیاسی مستقبل دیا جا سکتا ہے، آئین کے آرٹیکل 38 اور باقی تمام شقوں پر ان کی روح کے مطابق عمل کرنا ہو گا اور اس کیلئے ہماری جدوجہد کا آغاز ہو گیا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ملک پاکستان کے کروڑوں عوام میری طاقت ہیں، اللہ کی مدد و نصرت اور عوام کی بھرپور طاقت سے لٹیرے حکمرانوں کو بھگا کر دم لیں گے۔ کارکن انقلاب کی تیاریوں کو تیز تر کر دیں اور میرا پیغام ہر گھر میں پہنچا دیں۔ انقلاب کی ریلی میں لاکھوں افراد شریک ہوئے ہیں، جلد ایک سے دو کروڑ نمازیوں پر مشتمل انقلاب کا ریلا اٹھے گا اور کرپشن اور اسکے محافظوں کو بہا لے جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 336110

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/336110/کرپٹ-نظام-انتخاب-کی-تبدیلی-تک-جدوجہد-جاری-رہے-گی-طاہرالقادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org