QR CodeQR Code

بلاول بھٹو زرداری کی کوئٹہ میں زائرین کی بس پر خودکش حملے کی شدید مذمت

2 Jan 2014 01:05

اسلام ٹائمز: اپنے مذمتی بیان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ دہشتگردانہ کارروائیوں پر صرف احتجاج کافی نہیں بلکہ حکومت خون کی ہولی کے سلسلے کو روکنے کیلئے دہشتگردوں کیخلاف فی الفور اقدامات کرے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایران سے کوئٹہ آنے والی زائرین کی بس پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے غیر انسانی فعل قرار دیتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر غم و غصہ کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردانہ کارروائیوں پر صرف احتجاج کافی نہیں بلکہ حکومت خون کی ہولی کے سلسلے کو روکنے کیلئے فی الفور اقدامات کرے۔ انہوں نے سوال کیا کہ یوٹیوب پر پابندی عائد کی جا چکی ہے مگر لشکر جھنگوی کی ویب سائٹس کس طرح آزادانہ کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب دہشگرد ان واقعات کی ذمہ داری قبول کرچکے ہیں تو حکومت کو انکے خلاف فوری ایکشن لینا چاہئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر حکومت اب بھی دہشتگردوں کو پکڑنے میں ناکام رہی تو عوام قانون کو اپنے ہاتھ میں لے لیں گے جو کہ ملک کو انتشار کی طرف لے جائے گا، لہٰذا حکومت احتجاج نہیں، اقدامات کرے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حملے میں زخمی ہونے والوں کے بروقت علاج کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے واقعہ میں شہید افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔


خبر کا کوڈ: 336532

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/336532/بلاول-بھٹو-زرداری-کی-کوئٹہ-میں-زائرین-بس-پر-خودکش-حملے-شدید-مذمت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org