0
Thursday 2 Jan 2014 19:07
کالعدم تنظیموں کو نئے ناموں سے کام کرنے سے روکا جائے

ممتاز قادری کی رہائی کیلئے 30 سنی جماعتوں نے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا

ایران سے آنیوالی زائرین کی بس پر کوئٹہ میں خودکش حملہ کے ملزمان گرفتار کیے جائیں
ممتاز قادری کی رہائی کیلئے 30 سنی جماعتوں نے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ اہلسنّت کی تیس جماعتوں نے ممتاز حسین قادری کی رہائی کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ چار جنوری کو ملک گیر ’’یومِ حمایت ممتاز قادری‘‘ منایا جائے گا۔ صاحبزادہ فضل کریم کے پہلے یوم وفات کے موقع پر پندرہ اپریل کو دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں کل پاکستان سنی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ سودی نظام کے خلاف مہم چلائی جائے گی اور نظامِ مصطفی کے نفاذ کے لیے حکمرانوں پر دباؤ ڈالا جائے گا۔ اتحاد اہلسنّت کے لیے پیر سیّد محمد اقبال شاہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی۔ ربیع الاوّل کو ’’ماہِ امن و محبت‘‘ اور 2014 کو ’’تحفظِ ناموسِ رسالت سال‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔ عیدمیلاد النّبی(ص) کے جلوسوں میں رکاوٹ اور پابندیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔ حکومت میلاد کے جلسوں اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کرے۔ جمعہ تین جنوری کو بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف یومِ احتجاج منایا جائے گا۔ اس بات کا اعلان سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام جامعہ رضویہ میں منعقدہ اہلسنّت جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں کیا گیا جس میں تیس اہلسنّت جماعتوں کے مرکزی راہنماؤں نے شرکت کی۔

آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کی۔ کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عیدمیلاد النّبی(ص)کے موقع پر ملک میں نظامِ مصطفی کے نفاذ کا اعلان کریں۔ نوجوانوں کے لیے شروع کی گئی قرضہ سکیم کو سود سے پاک کیا جائے۔ نصابِ تعلیم کو سیکولر بنانے کی کوششوں کا راستہ روکا جائے گا اور سودی نظامِ معیشت کے خلاف زوردار مہم چلائی جائے گی۔ عیدمیلاد النّبی(ص) کے ہر جلسے اور جلوس میں ممتاز قادری کی رہائی کے لیے قرارداد منظور کی جائے گی۔ چناب نگر کے تعلیمی ادارے قادیانیوں کے حوالے کرنے اور سرکاری سطح پر بسنت منانے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ ریاست مخالف دہشت گردوں سے مذاکرات کی بجائے ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ دہشت گردی میں ملوث فرقہ پرست تنظیموں کی بیرونی فنڈنگ روکی جائے۔ کالعدم تنظیموں کو نئے ناموں سے کام کرنے سے روکا جائے۔ حکومت ڈرون حملوں کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے۔ پاکستان میں امریکی مداخلت بند کی جائے۔ پچاس ہزار شہداء کے لاحقین کے لیے قومی فنڈ قائم کیا جائے۔

اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ پاکستان میں مصر اور عراق جیسے حالات پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ اہلسنّت کے حقوق کی جدوجہد تیز کی جائے گی۔ اہل حق کو متحد کر کے انقلابِ نظامِ مصطفی کی منزل حاصل کریں گے۔ سات ماہ کی حکومتی کارکردگی مایوس کن ہے۔ فوج کو متنازعہ بنانے والے ملک کے خیرخواہ نہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہے۔ عالمی قوتوں کے اشاروں پر نصاب تعلیم میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ حکومت کی اسلام، پاکستان اور عوام دشمن پالیسیوں کی مزاحمت کریں گے۔ حکومت ریاست کی اتھارٹی کو چیلنج کرنے والوں سے مذاکرات کا ڈرامہ بند کرے۔ سکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے والے کسی رحم کے مستحق نہیں۔ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ قوم حکمرانوں سے مایوس ہو چکی ہے۔ حکومت دہشت گردوں کے حامیوں کی نازبرداریوں سے باز آ جائے۔

اہلسنّت جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں جماعت اہلسنّت، مرکزی جمعیت علمائے پاکستان، انجمن طلبائے اسلام، نظامِ مصطفی پارٹی، انجمن نوجوانانِ اسلام، سپاہِ مصطفی، سنی علماء بورڈ، جانثارانِ ختمِ نبوّت فاؤنڈیشن، مرکزی مجلس چشتیہ، مصطفائی تحریک، پاکستان فلاح پارٹی، رشد الایمان فاؤنڈیشن، مصطفائی جسٹس فورم، اسلامک ریسرچ کونسل، انجمن فدایانِ مصطفی، تحریک عوام اہلسنّت، مرکزی بزمِ مشتاقانِ رسول، انجمن خدّام الاولیاء، جانثار، جماعت الصالحین، مشائخ اہلسنّت محاذ، مصطفائی بزنس فورم، تنظیم نوائے مسلم، سنی تنظیم القرآء، انجمن فدایانِ رسول، بزمِ محدّثِ اعظم پاکستان، تحریک فروغِ اسلام، سنی علماء فورم، تحریک نفاذِ فقہ حنفیہ، محافظانِ اہلسنّت، سنی فاؤنڈیشن اور دیگر جماعتوں کے راہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ بجلی و گیس کی بے لگام لوڈشیڈنگ اور کمرتوڑ مہنگائی کے خاتمے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ بھارت کشمیر اور امریکہ افغانستان سے اپنی فوجیں واپس بلائے۔ اقوام متحدہ عراق، افغانستان، فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ایران سے آنے والی زائرین کی بس پر کوئٹہ میں خودکش حملہ کے ملزمان گرفتار کیے جائیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی آبی دہشت گردی کا نوٹس لے۔ سیالکوٹ میں علامہ عبدالحکیم سیالکوٹی اور علامہ ضیاء اللہ قادری کے مزارات کو آگ لگانے والے ملزمان گرفتار کیے جائیں۔ پانچویں اور آٹھویں کے امتحانات سے مطالعہ پاکستان اور عربی کو خارج کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ اے پی سی میں علامہ محمد شریف رضوی، پیر خالد سلطان قادری، طارق محبوب، اسد خان جدون، مفتی محمد اقبال چشتی، صاحبزادہ فیض رسول رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، علامہ محمد صادق سیالوی، علامہ عابد قمر نورانی، مفتی محمد سعید رضوی، رانا محمد عرفان، بدر ظہور چشتی، رائے صلاح الدین کھرل ایڈووکیٹ، پیر طارق ولی چشتی، پیر میاں غلام مصطفی، صاحبزادہ مطلوب رضا، علامہ حامد سرفراز، صاحبزادہ حسن رضا، مفتی محمد یونس رضوی، علامہ سیّد خرم ریاض شاہ، حافظ زاہد رازی، محمد اکرم رضوی، ارشد مصطفائی، مہر محمد یونس شہزاد قادری، صاحبزادہ حمید الدین رضوی ایڈووکیٹ، میاں فہیم اختر، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مولانا وزیرالقادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مفتی محمد حسین صدیقی، مولانا نعیم الدین رضوی، اسد رفیق رضوی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 336818
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش