0
Friday 3 Jan 2014 16:55

زائرین کی بس پر خودکش حملہ، شہیدوں کے جسد خاکی اور زخمی اپنے آبائی علاقوں میں منتقل

زائرین کی بس پر خودکش حملہ، شہیدوں کے جسد خاکی اور زخمی اپنے آبائی علاقوں میں منتقل
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے اختر آباد میں ایران سے آنے والی زائرین کی بس پر یکم جنوری 2014ء کو خودکش حملے میں تین افراد شہید جبکہ بتیس زخمی ہوگئے تھے۔ شہیدوں کے جسد خاکی اور زخمیوں کو ان کے آبائی علاقوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ شدید زخمی تاحال کوئٹہ میں ہی ہیں۔ بیشتر زخمیوں کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ اور پارہ چنار سے ہے۔ گذشتہ ماہ زائرین کا یہ قافلہ ڈیرہ اسماعیل خان کی کوٹلی امام حسین ؑ سے زیارات کے لیے روانہ ہوا تھا۔ قافلے میں مرد و خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ سالار قافلہ خضر عباس شاہ کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے سیدیلیاں سے جبکہ شہید ہونے والے ایک زائر کا تعلق بلوٹ شریف کے نزدیکی گاؤں نوشہرہ موڑ سے ہے، جبکہ ایک شہید قاسم کا تعلق گاؤں گھلوآلی سے ہے۔ 

عینی شاہدین کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقہ اخترآباد سے بس گزر رہی تھی کہ ایک گاڑی پولیس کی سکیورٹی وین اور زائرین کی بس کے درمیان آکر بس سے ٹکرا گئی اور پھر زوردار دھماکے کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ ایک زائر کے مطابق بس کی چھت پر ڈیزل کے ڈرم رکھے ہوئے تھے۔ جن کی وجہ سے بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ گزشتہ شب ڈی پی او ڈیرہ کو بلوچستان پولیس کی جانب سے مطلع کیا گیا کہ دہشت گردی کا شکار زائرین کا قافلہ جن میں معمولی زخمی بھی شامل ہیں، براستہ ژوب ڈیرہ اسماعیل خان میں داخل ہوگا۔ جس کے بعد ڈیرہ پولیس نے اپنی سکیورٹی میں منزل مقصود تک پہنچایا، جبکہ زخمیوں کا اندراج اور علاج ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ میں کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 337074
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش