QR CodeQR Code

جی بی میں سرمایہ کاری سے پاکستان میں بجلی کے بحران پر قابو پایا جاسکے گا، مہدی شاہ

3 Jan 2014 20:49

اسلام ٹائمز: چیئرمین واپڈا نے وزیراعلٰی کو یقین دلایا ہیکہ گلگت بلتستان میں جاری پاور پراجیکٹس کی بروقت تکمیل اور نئے پاور پراجیکٹس کی تعمیر کے حوالے سے بھرپور اقدامات کو یقینی بنایا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین واپڈا راغب علی شاہ سے وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور سینئر وزیر محمد جعفر نے لاہور میں اہم معلاقات کی۔ ملاقات میں دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر، سدپارہ ڈیم کے متاثرین کو معاوضوں کی فراہمی اور شتونگ نالے کا رخ سدپارہ ڈیم کی طرف موڑنے سمیت گلگت بلتستان میں مختلف علاقوں میں زیر تعمیر پاور پراجیکٹس کے حوالے سے تفصیلی بات کی۔ چیئرمین واپڈا نے متاثرین کو فوری طور پر معاوضوں کی فراہمی کے احکامات دیتے ہوئے وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کو یقین دلایا کہ گلگت بلتستان میں زیرتعمیر پاور پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا۔ چیئرمین واپڈا نے دیامیر بھاشہ ڈیم کے متاثرین کو بھی معاوضوں کے فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاور پراجیکٹس کے مواقع دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں۔ وفاقی حکومت اور واپڈا گلگت بلتستان میں نئے پاور پراجیکٹس کی تعمیر کے حوالے سے اقدامات کرے جس سے گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے تمام صوبوں سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

چیئرمین واپڈا نے وزیراعلٰی کو یقین دلایا کہ گلگت بلتستان میں جاری پاور پراجیکٹس کی بروقت تکمیل اور نئے پاور پراجیکٹس کی تعمیر کے حوالے سے بھرپور اقدامات کو یقینی بنایا جائیگا۔ وزیراعلٰی نے دیامیر بھاشا ڈیم کو پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاور پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے پاکستان کی تعمیر و ترقی اور ملک میں موجود بجلی کے بحران پر قابو پایا جا سکے گا۔


خبر کا کوڈ: 337187

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/337187/جی-بی-میں-سرمایہ-کاری-سے-پاکستان-بجلی-کے-بحران-پر-قابو-پایا-جاسکے-گا-مہدی-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org