0
Tuesday 10 Aug 2010 13:10

افغانستان میں سہ فریقی کمیشن کا اجلاس،دہشتگردوں کیخلاف نئے آپریشنز پر تبادلہ خیال

افغانستان میں سہ فریقی کمیشن کا اجلاس،دہشتگردوں کیخلاف نئے آپریشنز پر تبادلہ خیال
کابل،اسلام آباد:اسلام ٹائمز-روزنامہ جسارت کے مطابق پاکستان،افغانستان اور عالمی اتحادی افواج (ایساف ) کے سینئر فوجی نمائندوں پر مشتمل سہ فریقی کمیشن کا 31واں اجلاس کابل میں ہوا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی،عالمی اتحادی افواج کی طرف سے جنرل ڈیوڈ پیٹریاس اور افغانستان کی طرف سے جنرل کریمی نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔آرمی چیف،افغان صدر حامد کرزئی سے بھی ملے اور ان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ادھر کابل میں ایساف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سہ فریقی کمیشن کے اجلاس میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں،پاکستان،افغانستان اور ناٹو کے مابین تعاون کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ایساف ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں انسداد دہشتگردی کی نئی حکمت عملی اور پاک افغان سرحد کے دونوں طرف دہشتگردوں کیخلاف نئے آپریشنز سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔پاکستانی آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر افغان سائیڈ پر دہشتگردوں کی آمد و رفت روکنے کیلئے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا،ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں جن دہشتگردوں اور طالبان کے ساتھیوں کو بھگایا ہے،وہ موثر چیکنگ نہ ہونے کی وجہ سے دوبارہ پاکستانی حدود میں داخل ہو رہے ہیں،اس حوالے سے ناٹو کو سخت اقدامات اٹھانا ہوں گے۔
ادھر حامد کرزئی کے صدارتی محل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف اور جنرل کیانی کی ملاقات خوشگوار اور تعمیری رہی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین انسداد دہشتگردی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو جاری رکھنے پر بھی بات چیت ہوئی،جبکہ افغان صدر حامد کرزئی نے افغان فوجیوں کی تربیت کی پیشکش پر جنرل کیانی کا شکریہ بھی ادا کیا۔
جنگ نیوز کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پیر کو افغانستان کا دورہ کیا اور افغانستان اور اتحادی افواج کے سینئر فوجی نمائندوں پر مشتمل سہ فریقی کمیشن کے 31ویں اجلاس میں شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی، ایساف کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس اور افغان نیشنل آرمی کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل شیر محمد کریمی نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔اجلاس میں پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔بعد ازاں جنرل اشفاق پرویز کیانی نے افغان صدر حامد کرزئی سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
خبر کا کوڈ : 33732
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش