QR CodeQR Code

مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر کی گئی تو طالبان کا اگلا میدان کشمیر ہو گا، سردار عتیق

6 Jan 2014 11:03

اسلام ٹائمز: دختران ملت کے زیراہتمام مذاکرہ سے وڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مسلم کانفرنس کے رہنما کا کہنا تھا کہ عوامی قیادت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی فوجی قیادت کو بھی مسئلہ کے حل کے لیے کلیدی رول ادا کرنا چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر کی صورت میں ریاست جموں و کشمیر کا خطہ طالبان کے لیے اگلا میدان جنگ ثابت ہونے کے خطرے کو اجاگر کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ خطہ میں امن قائم کرنے کی واحد صورت یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے حقیقت پسندانہ اپروچ اپنا کر ہندوستان اپنے رویے میں لچک پیدا کرے تاکہ اس مسئلے کا منصفانہ حل تلاش کیا جا سکے۔ دختران ملت کی طرف سے مسئلہ کشمیر اور اقوام متحدہ کی 5 جنوری 1949ء کی قرارداد ماضی، حال اور مستقبل کے عنوان سے منعقدہ ایک محفل مذاکرہ سے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر سے انٹرنیٹ کے ذریعہ براہ راست خطاب کرتے ہوئے انھوں نے زور دیا کہ عوامی قیادت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی فوجی قیادت کو بھی مسئلہ کے حل کے لیے سامنے آ کر کلیدی رول ادا کرنا چاہیے۔ سردار عتیق نے وڈیو کانفرنس کے ذریعہ اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء میں سلگتا ہوا ایک مسئلہ ہے جسے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادیں ایک مضبوط راہ فراہم کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اقوام عالم اس مسئلہ کے حل سے غفلت برتے ہیں تو اس کے سنگیں نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

اس موقع پر سردار عتیق سے محفل مذاکرہ میں موجود شرکاء نے مدلل سوال بھی کیے اور پاکستانی زیرانتظام کشمیر کی قیادت کے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور مطلوبہ حل کے لیے ادا کیے جانے والے رول کے بارے میں استفسار کیے گئے۔ محفل مذاکرہ میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے ساتھ ساتھ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالقیوم ، سرگردہ صحافی ظہیرالدین، کالم نویس ڈاکٹر جاوید اقبال نے بھی شرکت کی۔ سیمینار کے آخر پر ایک قرارداد بھی پاس کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 337851

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/337851/مسئلہ-کشمیر-کے-حل-میں-تاخیر-کی-گئی-طالبان-کا-اگلا-میدان-ہو-گا-سردار-عتیق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org