0
Wednesday 8 Jan 2014 20:43

عید میلادالنبی پر محرم الحرام والے سیکورٹی پلان کو اپنانے کا فیصلہ

عید میلادالنبی پر محرم الحرام والے سیکورٹی پلان کو اپنانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب خان بیگ نے کہا ہے کہ فرقہ واریت کو ہوا دینے والے شر پسند عناصر قومی مجرم ہیں اور ایسے مجرموں کے ساتھ کسی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی خواہ یہ مجرم کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں اور کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں اور اس ناسور کو حکومتی سرپرستی اور تعاون کے ساتھ معاشرے سے ختم کرنے اور ان قومی مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے فورس کمر کس لے اور اس کیلئے فیلڈ پولیس افسروں کو جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں منعقد ہونے والی 2014ء کی پہلی آر پی او کانفرنس میں کیا۔ کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سرمد سعید خان، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب محمد ایملش، سی سی پی او لاہور چوہدری شفیق احمد، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب فاروق مظہر کے علاوہ تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور قائم مقام ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رانا عبدالجبار، اے آئی جی آپریشنز وقاص نذیر اور پی ایس او ٹو آئی جی پنجاب محمد علی نیکو کارا نے شرکت کی۔

کانفرنس میں 2013ء میں فرقہ واریت کیخلاف چلائی جانے والی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں کی گئی گرفتاریوں، ملوث ملزمان، چالانوں کی تکمیل کے علاوہ، محرم کے دوران قانون کو ہاتھ میں لینے والے افراد کی گرفتاریوں، ان کی رہائی کے علاوہ فرقہ واریت میں ملوث افراد کے زیر التوا مقدمات، لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال، شرپسند تقریریں اور خطبے دینے والے، زبان بندی اور ضلع بدر ہونے والے لوگوں کے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ان تمام لوگوں کیخلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی جو منافرت انگیز میٹریل کی تقسیم کے ساتھ ساتھ فرقہ واریت اور گروہ بندی کو منظم کرنے میں ملوث ہوں گے۔ اس کے علاوہ فرقہ وارانہ عسکریت پسندی میں ملوث گروپوں کے خلاف کارروائی کو بھی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور تھانوں کی سطح پر فرقہ واریت کے کیسز کی مانیٹرنگ اور تفتیش کیلئے الگ سٹاف تعینات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کانفرنس میں ایلیٹ فورس کو وی آئی پی ڈیوٹیوں کی بجائے چھاپے مارنے اور سپیشل آپریشنز کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر ایجنسیوں کے ساتھ انٹیلی جنس شےئرنگ کو بڑھانے اور باہمی تعاون کے ساتھ کرائم سے کریمنل تک پہنچنے کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔ کانفرنس میں عید میلادالنبی (ص) کے موقع پر ہر جلوس اور میلاد کی محفلوں کی سکیورٹی کے بارے میں محرم الحرام والے سکیورٹی پلان کو اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ عید میلادالنبی پر اہلسنت کی بنائی گی یوتھ فورس کے ساتھ مؤثر رابطے کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی۔ مزید برآں عید میلادالنبی (ص) کے موقع پر مختلف علماء کی طرف سے ویڈیو کانفرنسوں کے شرکاء کی سکیورٹی کیلئے بھی پالیسی کو فائنل کیا گیا۔ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ان کیلئے شورٹی بانڈز بھرنے والے گرینٹرز کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 339010
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش