0
Thursday 9 Jan 2014 11:09

ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات

ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔  مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے ایک وفد نے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین جوادی کی قیادت میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید سے ملاقات کی جس میں اتحاد بین المسلمین کے سلسلہ میں کیے گئے اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے پاکستان اور آزادکشمیر میں بین المذاہب ہم آہنگی اور بین المسالک وحدت کیلئے مجلس وحدت مسلمین کے کردار کو سراہا۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے ماہ ربیع الاول میں جشن ولادت با سعادت آقائے نامدار حضرت محمد مصطفی (ص) کے عنوان سے آزادکشمیر بھر میں انعقاد ہونے والی تقاریب کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وفد نے وزیراعظم کو مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام دربار سہلی سرکار پر عظیم الشان محفل میلاد میں شرکت کی دعوت دی۔ وفد میں مولانا طالب حسین ہمدانی، خالد محمود عباسی، محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ، عابد حسین قریشی اور دیگر شامل تھے۔ 

وزیراعظم عبدالمجید نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر لسانی اور مذہبی فسادات سے پاک پرامن خطہ ہے تمام مسالک کے درمیان رواداری اور اتحاد قابل تعریف ہے۔ حکومت اور علماء کرام وحدت برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ماہ محرم الحرام آزادخطہ کے علماء و عوام نے بھرپور ملی وحدت، احترامِ اہل بیت کیساتھ پرامن طریقے سے منایا۔ ماہ ربیع الاول بھی تمام مسالک کے علماء و عوام رسول خدا (ص) سے عشق و محبت کا اظہار کرتے ہوئے مکمل اتحاد و یگانگت کیساتھ منایا جائے۔ 

علامہ تصور نقوی الجوادی نے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور آزادکشمیر میں اتحاد بین المسلمین کیلئے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے اس جدوجہد کے دوران قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ملکی سلامتی اور امن کیلئے ہر قربانی کیلئے تیار ہیں۔ 

دریں اثنا وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے ہدایت کی ہے کہ عید میلاد النبی (ص) کے مبارک موقع پر سکیورٹی کے فول پروف سسٹم کو یقینی بنایا جائے۔ عید میلادالنبی (ص) کی تقریبات کے موقع پر نظم و ضبط اور سکیورٹی کے جامع اقدامات کئے جائیں۔ وہ عید میلادالنبی (ص) کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انسپکٹر جنرل پولیس ملک خدا بخش، ڈی آئی جی سردار گلفراز، طاہر قریشی اور پولیس و انتظامیہ کے اعلیٰ حکام اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آزادکشمیر میں عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر میلاد ریلیوں کے انعقاد، دعائیہ تقریبات اور میلاد النبی (ص) کے جلوسوں کے مواقع پر سکیورٹی سسٹم کو منظم و مؤثر بنایا جائے۔

خبر کا کوڈ : 339148
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش