0
Sunday 12 Jan 2014 17:45
تحریک انصاف کا شہید کے اہلخانہ کی کفالت کا اعلان

اعتزاز حسن کی شہادت پر خیبر پختونخوا حکومت کی بے حسی افسوسناک ہے، عمران خان

اعتزاز حسن کی شہادت پر خیبر پختونخوا حکومت کی بے حسی افسوسناک ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف ویمن ونگ لاہور کی صدر نیلم اشرف کے جواں سال صاحبزادے کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خیبر پختوانخوا میں ایک سال کے دوران 172 دہشتگردی کے واقعات ہوئے جبکہ اسکے مقابلے میں دیگر تین صوبوں میں مجموعی طور پر 103 حملے ہوئے۔ کے پی کے میں تو حالات خراب ہیں لیکن پنجاب میں کونسی دہشتگردی ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قصور میں بھی ہمارے رہنما کو چار دیگر افراد کے ہمراہ قتل کر دیا گیا۔ عمران خان نے ہنگو کے نوجوان شہید اعتزاز حسن کے معاملے پر خیبر پختونخوا حکومت کے رویے پر انتہائی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اعتزاز حسن قوم کا ہیرو ہے اور اس کی شہادت پر فخر ہے، تاہم اعتزاز کے معاملے پر وزیراعلٰی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک اور صوبائی حکومت کے کسی بھی رکن کا نہ جانا انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان تحریک انصاف اعتزاز حسن کے لواحقین سے مکمل تعاون کرے گی اور اعتزاز کے اہل خانہ کے تمام اخراجات کی ذمہ داری اٹھائے گی۔ امریکہ کی طرف سے نیٹو سپلائی کھولنے کیلئے رابطے کے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ امریکہ نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا، ڈرون حملوں کیخلاف ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، پوری دنیا ڈرون حملوں کے خلاف ہے کیونکہ ڈرون حملوں کیوجہ سے فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہوتا ہے، ان حملوں سے نفرت بڑھتی ہے، جس سے دہشتگردی میں اضافہ ہوتا ہے، حکمران ڈالر کے پجاری ہیں لیکن نیٹو سپلائی اس وقت تک نہیں کھولی جائے گی جب تک امریکہ کی جانب سے ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی نہیں کرا دی جاتی۔

دیگر ذرائع کے مطابق قوم اور وطن کی محبت سے سرشار اعتزاز حسن کو دنیا کا اور قوم کا سلام، قوم کے اس بہادر سپوت نے اپنی زندگی قربان کرکے اپنے سکول میں موجود سینکڑوں بچوں کی زندگی بچا لی۔ اس قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے لیکن خیبر پختونخوا حکومت کا کوئی رہنما ہنگو میں اعتزاز کے گھر والوں کے پاس پہنچا، نہ قبر پر گیا اور یہی سوال لاہور میں عمران خان کے سامنے بھی اٹھایا گیا۔ عمران خان نے خیبر پختونخوا حکومت کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کیا۔ عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ ڈرون حملے رکنے تک نیٹو سپلائی بند رکھی جائے گی۔ اعتزاز حسن کو افواج پاکستان کے سپہ سالار، کور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف سی بھی خراج عقیدت پیش کرچکے ہیں۔ اعتزاز کے والد، رشتہ دار اور سکول کے ساتھی سب کو اس کی عظیم قربانی پر فخر ہے۔
خبر کا کوڈ : 340373
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش