0
Sunday 12 Jan 2014 17:50

حضور اکرم (ص) فرقے نہیں امت بنانے آئے تھے، علامہ زبیر احمد ظہیر

حضور اکرم (ص) فرقے نہیں امت بنانے آئے تھے، علامہ زبیر احمد ظہیر
اسلام ٹائمز۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مر کزی نائب امیر و اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ فرقہ واریت کی وجہ سے پوری دنیا میں مسلمان مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں ہم مسلمان دعوے تو بہت کرتے ہیں لیکن رسول (ص) کی سیرت کو اپنانے کیلئے تیار نہیں، ہمارے لئے قرآن پاک اور سنت رسول سے بڑا کوئی آئین اور قانون نہیں ہو سکتا، ہم اس پر عمل کر کے اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتے ہیں، مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ تمام راستوں کو چھوڑ کر صرف اللہ اور اس کے رسول (ص) کی طرف رجوع کریں اور اس سے ہی دنیا میں کھویا ہوا مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ وہ آج مرکزی جامع مسجد اہلحدیث فردوس مارکیٹ گلبرگ میں ’’سیرت رسول کانفرنس‘‘ سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر مولانا امتیاز احمد مجاہد ایڈووکیٹ، علامہ عبدالرحمن لدھیانوی، مولانا عبدالستار، علامہ فیاض احمد سلفی اور دیگر نے بھی شر کت کی۔

علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ حضور (ص) کی محبت اور عقیدت روح ایمان ہے صرف خالی باتوں اور دعووں سے ہم اللہ اور اسکے رسول (ص) کو راضی نہیں کر سکتے، آخرت میں گفتار نہیں بلکہ کردار کام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک دن حضور (ص) کی یاد میں منانا کافی نہیں بلکہ سال کے باقی دنوں میں بھی حضور (ص) کی سیرت پر عمل کرنا چاہئے کیونکہ باقی سال کے دن ایسے نہ کرنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو یہ غور کرنا چاہئے کہ حضور (ص) کے زمانہ میں کوئی سنی، شیعہ، وہابی اور دیو بندی نہیں تھا اور آج بھی ضرورت اس بات کی ہے کہ فرقہ بازی میں پڑنے کی بجائے مسلمان اللہ اور اس کے رسول (ص) کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل کریں کیونکہ حضور (ص) مسلمانوں کے فرقے بنانے نہیں بلکہ امت بنانے کیلئے آئے تھے اور ان کی تعلیمات پر عمل ہی مسلمانوں کیلئے راہ نجات ہے۔
خبر کا کوڈ : 340375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش