QR CodeQR Code

ظالم و جابر حکومتیں اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کیلئے نت نئی سازشوں میں مصروف ہیں، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

12 Jan 2014 23:13

اسلام ٹائمز: ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بارہ ربیع الاول کو شہر میں اپنے سنی بھائیوں کیساتھ جلوس نکال کر ہم پاکستان دشمن تکفیری گروہوں کی مذموم سازشوں کو خاک میں ملائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے مختلف حیلوں اور بہانوں سے پاکستان میں گذشتہ کئی دہائیوں سے شیعہ سنی مسلمانوں کو آپس میں دست و گریباں کرنے اور شیعہ سنی مسلمانوں کے مابین انتشار اور تفرقہ پیدا کرنے کی مذموم سازشیں کی جا رہی ہیں چونکہ اللہ کے نبی حضرت محمد مصطفٰی (ص) کی ذات مقدس دنیا بھرکے مسلمانوں کے اتحاد کے لئے مرکزی نقطہ اور مرکزی محور ہے۔ اس لئے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اِن سازشوں کو ناکام کرنے کیلئے لازمی ہے کہ سنی شیعہ مسلمان اپنے فروعی اختلافات کو پست پشت ڈال کر ایک نقطہ پر متحد ہو جائیں۔ لہٰذا سنی شیعہ مسلمانوں کے خلاف جاری سازشوں کو ناکام کرنے کے لئے اِس بار مجلس وحدت مسلمین پاکستان مرکزی سطح پر ملک بھر میں نبی کریم حضرت محمد مصطفٰی (ص) کی ولادت کی مناسبت سے 12 تا 17 ربیع الاوّل کے مبارک ایام کو ہفتہ وحدت کے عنوان سے سنی مسلمان بھائیوں کے ساتھ مل کر بھرپور انداز میں منائے گی۔ اس بابت صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ 12 ربیع الاوّل کے جلوسوں اور پروگراموں کی فُل پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ پس مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ میں بھی 12 ربیع الاوّل سے ہفتہ وحدت کے پروگراموں کا اعلان کرتی ہے۔

سنی مسلمانوں کے ساتھ مل کر پاکستان دشمن، اسلام دشمن، انسان دشمن، امن دشمن، تعلیم دشمن، نبی و آل نبی دشمن، میلاد دشمن اور عزاداری دشمن تکفیری گروہوں کے مذموم سازشوں کو خاک میں ملائے گی۔ بیان میں ایس ایس پی سی آئی ڈی کراچی چوہدری اسلم کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا گیا ہے۔ اِن کی شہادت کو ملک کے لئے ایک عظیم نقصان سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری اسلم جیسے بہادر آفیسروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانی چاہیئے اور صوبائی و وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنے حوصلوں کو بلند رکھتے ہوئے ملک میں جہاں کہیں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانے موجود ہیں، وہاں بلاکسی امتیاز کے فوری طور پر آپریشن کیا جائے۔ بیان میں ہنگو کے پاکستان دوست، امن دوست، اسلام دوست اور انسان دوست نویں جماعت کے نوعمر باہمت مجاہد اعتزاز حسن کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے 6 جنوری کو گورنمنٹ ہائی سکول ابراہیم زئی ہنگو میں خودکُش حملہ آور کے حملے کو ناکام بنایا اور سینکڑوں طلباء کی جانوں کو بچا کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ بہادر شہید مجاہد کے لئے پاک فوج کی طرف سے تمغہ شجاعت کے اعلان پر شہید کے والدین کو مبارک باد بھی پیش کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 340437

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/340437/ظالم-جابر-حکومتیں-اسلام-اور-مسلمانوں-کو-نقصان-پہنچانے-کیلئے-نت-نئی-سازشوں-میں-مصروف-ہیں-ایم-ڈبلیو-کوئٹہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org