0
Monday 13 Jan 2014 20:25

ملک میں طالبان دہشت گردوں کے 504 ٹھکانوں کی موجودگی کا انکشاف

ملک میں طالبان دہشت گردوں کے 504 ٹھکانوں کی موجودگی کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ ملک میں طالبان سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے تقریباً 504 ٹھکانے موجود ہیں جس سے دہشت گردی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں، سیکیورٹی میں تھوڑی سے بھی نااہلی برتنے پر دہشت گرد بدامنی پھیلانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ پنجاب میں 165، سندھ 132، بلوچستان 116 اور خیبرپختونخوا میں 91 ٹھکانے موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق طالبان اور دیگر دہشت گرد گروپس کی جانب سے اپنے مذموم مقاصد کے لئے شمالی وزیرستان و دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو خصوصی طور پر پنجاب میں ڈیوٹیاں سونپی گئی ہیں۔

صدر، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ اور دیگر اہم مقامات کے حوالے سے دہشت گرد روزانہ کی بنیادوں پر معلومات اپنے رہنمائوں کو پہنچاتے ہیں جبکہ اعلیٰ سطح کے اجلاسوں کی کارروائیوں کی رپورٹس بھی دہشت گردوں کی پہنچ میں ہیں، جن کو دیکھتے ہوئے وہ اپنے منصوبے مرتب کرتے ہیں اور اپنے ٹھکانوں کو تبدیل کرتے رہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس وقت پنجاب میں لاہور، رائیونڈ، بھکر، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، ڈیرہ غازی خان، گوجرانولہ، گجرات، راولپنڈی و دیگر اضلاع میں دہشت گردوں نے ٹھکانے بنارکھے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کراچی، پشاور، اورکزئی ایجنسی، لوئر دیر و دیگر اہم مقامات پر بھی دہشت گردوں کے مضبوط ٹھکانے قائم ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واہگہ بارڈر چیک پوسٹ پر جھنڈا اتارنے کی تقریب میں دہشت گردوں کی جانب سے راکٹ حملہ کرنے کی کئی بار منصوبہ بندی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق طالبان کی جانب سے اب تک بڑے پیمانے پر 802 دہشت گردی کی کارروائیاں کی گئی ہیں، جن میں ہزاروں جانیں جاچکی ہیں جبکہ مختلف واقعات میں طالبان کے 979 سرگرم کارکن و سینئر رہنما مارے گئے ہیں۔ طالبان کے اس وقت 33 گروپس ہیں، جن کے اپنے اپنے ایجنڈے ہیں۔خفیہ اداروں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ طالبان و دہشتگردوں ٹھکانوں کے خاتمے کے لئے حکمت عملی مرتب کرلی گئی جس کے مطابق خفیہ آپریشن کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کے لئے خفیہ پالیسی بنائی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 340713
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش