QR CodeQR Code

چوہدری مجید کی خالد ابراہیم سے ملاقات

14 Jan 2014 11:42

اسلام ٹائمز: دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں شاہراہ سرینگر پر غازی ملت کی یادگار بنانے کا اعلان کیا گیا۔ سردار خالد کا کہنا تھا کہ جے کے پی پی عوامی مفاد کے ہر کام میں حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے بانی قائد سردار خالد ابراہیم سے ان کے گھر جا کر ملاقات کی۔ ملاقات میں حکومت کی طرف سے شاہراہ سرینگر پر غازی ملت کی یادگار بنانے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم آزاد کشمیر میاں عبدالوحید بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے میاں وحید کے ہمراہ سردار خالد ابراہیم کے گھر پر ڈیڑھ گھنٹے کی طویل ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں تعمیروترقی اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ چوہدری مجید نے سردار خالد سے کہا کہ آزاد حکومت چاہتی ہے کہ بانی صدر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی خدمات کے اعتراف میں مظفرآباد سے سری نگر جانے والی شاہراہ پر غازی ملت کی یادگار تعمیر کی جائے جس کی سردار خالد ابراہیم نے تائید کی جس پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ حکومت اس حوالے سے جلد اقدامات کرے گی۔ ملاقات میں خطے کی تعمیروترقی، گڈگورننس، مہاجرین مقیم پاکستان کے مسائل کے علاوہ دیگر موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے سردار خالد ابراہیم کو خطے میں تعمیروترقی کے حوالے سے دلچسسپی کے بارے میں آگاہ کیا جس پر سردار خالد نے کہاکہ تعمیروترقی اور عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے کسی بھی ریاست میں اہم ہوتے ہیں۔ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی عوامی فلاح و عوامی ترقی میں کردار پر آپ کا ساتھ دیتی رہے گی۔ 

چوہدری مجید نے کہا کہ میں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کروانے اور بھارت کو طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کروانے سے باز رکھتے ہوئے برصغیر جنوبی ایشیاء میں امن کے قیام اور خوشحالی کے لیے کشمیر کا مسئلہ حل کرائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے ختم کرنے کے تمام بھارتی ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کامیاب ہو کر رہے گی۔


خبر کا کوڈ: 340878

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/340878/چوہدری-مجید-کی-خالد-ابراہیم-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org