0
Tuesday 14 Jan 2014 20:52
نظام مصطفٰی میں ہمارے تمام مسائل کا حل موجود ہے

اسلام کے نام پر قتل و غارت کرنیوالے اسلام دشمنوں کی خدمت کر رہے ہیں، طاہر القادری

اسلام کے نام پر قتل و غارت کرنیوالے اسلام دشمنوں کی خدمت کر رہے ہیں، طاہر القادری
اسلام ٹائمز۔ مینار پاکستان کے سبزہ زار میں لاکھوں عشاق مصطفٰی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے 30ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کرکے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کیا۔ امسال یہ کانفرنس اس لحاظ سے تاریخی بن گئی کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ عشق کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام پورے ملک کے 250 شہروں میں ہونے والی میلاد کانفرنسز کے ذریعے کیا گیا۔ جن میں ہر جگہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ انڈیا کے شہر بنگلور میں منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا کے زیراہتمام میلاد کانفرنس میں بھی لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ مینار پاکستان کی عالمی میلاد کانفرنس میں ہزاروں خواتین نے بھی بچوں سمیت شرکت کی۔ عالمی میلاد کانفرنس کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کی وہ سربراہ میلاد کانفرنس شیخ زاہد فیاض ناظم اعلٰی، خرم نواز گنڈاپور اور سیکرٹری جواد حامد کے ہمراہ سٹیج پر آئے تو پنڈال میں موجود شرکاء نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ ملک بھر سے نامور مشائخ عظام اور علمائے کرام کثیر تعداد میں موجود تھے۔

کانفرنس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ مینار پاکستان گراؤنڈ اور اسٹیج کو برقی قمقموں، غباروں، پھولوں کے گجروں اور دیگر آرائشی سازوسامان سے دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔ کانفرنس کے دوران نعت خوانی کا سلسلہ جاری رہا اور پورے پنڈال میں دل میں اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جھنڈیاں جوش و خروش سے لہرائی جاتی رہیں۔ مینار پاکستان کی عالمی میلاد کانفرنس میں مسیحی، سکھ، ہندو اور دیگر غیر مسلم رہنماؤں نے بھی خصوصی شرکت کی۔ ملک میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے پیش نظر منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 2000 نوجوان اور 500 خواتین سکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور تھے۔ کانفرنس میں مصر، عرب ممالک اور وطن عزیز کے نامور قراء اور نعت خوانوں نے آقائے دوجہاں کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ پاکستان بھر سے جید علماء و مشائخ عظام، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین، سماجی رہنما، تاجر برادری، وکلا برادری، طلباء تنظیموں کے قائدین عالمی میلاد کانفرنس کے اسٹیج پر موجود تھے۔ پنڈال کے اندر اور ملحقہ سڑکوں پر دیو قامت جدید ڈیجیٹل سکرینوں کے ذریعے اسٹیج کی کارروائی کو براہ راست دکھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا درود بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں پیش کیا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

علامہ طاہرالقادری کا خطاب رات گئے شروع ہوا اور انتہائی دھیمے انداز میں انہوں کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی اور ملک میں قیام امن کے لئے نظام مصطفٰی (ص) کو لازمی قرار دیا۔ علامہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اسلام امن و شانتی کا دین ہے، اسلام گلے کاٹنے اور قتل و غارت کی اجازت نہیں دیتا، جو لوگ اسلام کے نام پر ایسے افعال سرانجام دے رہے ہیں وہ اسلام دشمنوں کی خدمت کر رہے۔ اسلام میں تمام مذاہب کے احترام کا حکم دیا گیا ہے، حضور نبی کریم (ص) نے ملاقات کے لئے آنے والے غیر مسلموں کے وفود کو مسجد نبوی میں ہی ٹھہراتے تھے اور وہیں ان سے ملاقات کرتے اور انہیں بھی ان کے عقیدے کے مطابق مسجد نبوی میں ہی عبادت کی اجازت دیتے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے اور جو فطرت سے ہٹ جائے اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا، وہ پھر معاشرے کے لئے ناسور بن جاتا ہے اور اس سے نجات ضروری ہو جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 341078
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش