0
Wednesday 15 Jan 2014 01:20

ڈی آئی خان، عید میلاد النبی (ص) کے مرکزی جلوس روایتی راستوں سے گزر کر پرامن طور پر اختتام پذیر

شہر سے منتخب قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران کی عدم شرکت نے ایک بار پھر عوام کو مایوس کیا
ڈی آئی خان، عید میلاد النبی (ص) کے مرکزی جلوس روایتی راستوں سے گزر کر پرامن طور پر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ جشن عید میلادالنبی (ص) کے مبارک موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان میں دو مرکزی جلوس نکالے گئے۔ بڑا مرکزی جلوس سنٹرل جیل کے قریب تاج مسجد سے برآمد ہوا، جس کی قیادت سید نزاکت علی شاہ نے کی۔ سرکار کی آمد مرحبا، حضور کی آمد مرحبا، حسنین کے نانا مرحبا، زہرا کے بابا مرحبا، سیدی مرشدی یانبی یانبی کے نعرے لبوں پر سجائے عاشقان مصطفٰے نے بینرز اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ نعت خوان بچوں نے عربی لباس زیب تن کئے ہوئے تھے۔ اس مرکزی جلوس میں اہل تشیع نے بھی بھرپور شرکت کی۔ جلوس کے راستے میں جگہ جگہ دودھ، شربت اور چائے کی سبیلیں لگائی گئی تھیں۔ حسب روایت اس جلوس میں شجاعت علی ملنگی نے اپنے مخصوص انداز میں دھمالیں ڈالیں جبکہ مشہور استاد شاہ جی کے گھوڑے نے ہمیشہ کی طرح اپنا رقص پیش کیا۔ 

جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر لیاقت پارک میں اختتام پذیر ہوا۔ جہاں پر لنگر و نیاز کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ میلاد کا دوسرا جلوس تنظیم اہلسنت والجماعت کے ضلعی صدر مولانا حماد اللہ فاروق کی قیادت میں حقنواز پارک سے برآمد ہوا اور توپانوالہ چوک سے گزر کر کلاں بازار کے راستے میدان حافظ جمال پر اختتام پذیر ہوا۔ دونوں جلوسوں کی سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے تھے۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے منتخب قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران کی جلوس میں عدم شرکت نے عوام کو ایک بار پھر مایوس کیا۔ عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ سیاسی جماعتوں کے وہ نمائندے جو گرمی، سردی، آندھی اور بارش کی پروا کئے بغیر ووٹ مانگنے کے لیے شہر کے ہر دروازے پر دستک دیتے ہیں، ان دینی اور عوامی اجتماعات میں شریک کیوں نہیں ہوتے۔؟
خبر کا کوڈ : 341163
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش