QR CodeQR Code

ایران کے نیوکلیئر مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ میں تاخیر کیوجہ امریکہ نہیں، فنڈنگ ہے، ترجمان دفتر خارجہ

16 Jan 2014 18:27

اسلام ٹائمز: ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے بھارتی آرمی چیف کے بیانات کو بدقسمتی قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ بھارت جنگ بندی معاہدہ پر عملدرآمد کرے گا، ایران نیوکلئیر مسئلہ کا حل فوجی نہیں، مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے کنٹرول لائن سے متعلق بھارتی آرمی چیف کے الزامات کو اشتعال انگیز قرار دے دیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات سے حالات مزید خراب ہوتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستانی وزیر تجارت نئی دہلی دو طرفہ تجارت کے لئے نہیں بلکہ سارک بزنس کانفرنس کے لئے گئے ہیں۔ سیکرٹری تجارت دو طرفہ تجارتی امور پر بات چیت کے لئے نئی دہلی میں ہیں۔ ترجمان نے بھارتی آرمی چیف کے بیانات کو بدقسمتی قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ بھارت جنگ بندی معاہدہ پر عملدرآمد کرے گا۔ 
دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ایران نیوکلئیر مسئلہ کا حل فوجی نہیں، مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ میں تاخیر امریکہ کی وجہ سے نہیں بلکہ فنڈز کی وجہ سے ہے۔ انھوں نے امریکہ افغان بارڈر سکیورٹی معاہدہ کو افغانستان کا اندرونی معاملہ قرار دیا، تاہم کہا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کی اور بتایا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز القدس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لئے مراکش روانہ ہوگئے ہیں۔
دیگر ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان تسنیم اسلم نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ لائن آف کنٹرول پر حالات خراب نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز القدس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لئے مراکش روانہ ہوگئے ہیں۔ پاکستان فلسطین کے مسئلے کو اہمیت دیتا ہے، پاک ایران گیس منصوبے کے بارے میں انہوں نے کہا منصوبہ واشنگٹن میں ہونیوالے اسٹریٹجک مذاکرات کے ایجنڈے پر نہیں۔ منصوبے میں تاخیر امریکی دباؤ نہیں فنڈز دستیابی کا مسئلہ ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وفاقی وزیر خرم دستگیر کے دورہ بھارت کا مقصد دوطرفہ تجارتی مذاکرات نہیں بلکہ وہ سارک وزراء کانفرنس میں شرکت کیلیے بھارت جا رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 341754

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/341754/پاک-ایران-گیس-پائپ-لائن-منصوبہ-میں-تاخیر-کیوجہ-امریکہ-نہیں-فنڈنگ-ہے-ترجمان-دفتر-خارجہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org