QR CodeQR Code

اسلامی مالیاتی نظام دنیا بھر میں بھی تیزی سے مقبول ہورہا ہے، ممنون حسین

16 Jan 2014 21:24

اسلام ٹائمز: کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے اسلامی بینکنگ کے فروغ کیلئے بنائی گئی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے جامع پالیسی اور لائحہ عمل مرتب کرکے سفارشات پیش کی جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ صدر پاکستان ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں اسلامی بینکاری کو فروغ دینے کیلئے پوری سنجیدگی کے ساتھ ٹھوس اقدامات کا آغاز کردیا ہے، سود سے پاک اسلامی بینکاری کو پاکستان میں بہت تیزی سے مقبولیت حاصل ہورہی ہے، انصاف اور برابری اسلام کے بنیادی اصول ہیں،پاکستان میں اسلامی بینکاری کی اہمیت کے موضوع پر منعقدہ گول میز کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ اسلامی مالیاتی نظام دنیا بھر میں بھی تیزی سے مقبول ہورہا ہے، سود سے نجات حاصل ہوجائے تو مسلمان معاشرتی و معاشی ناانصافی اور استحصال سے آزاد ہو جائیں گے۔ کانفرنس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، اسٹیٹ بینک کے گورنر یاسین انور، نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر کے علاوہ نجی بینکوں کے صدور، سینئر عہدیداروں اور ملائشیا کے مائی بینک کے چیئرمین نے بھی شرکت کی۔

صدر مملکت نے یقین ظاہر کیا کہ یہ کانفرنس ملک میں اسلامی بینکاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی، موجودہ حکومت نے ملک میں اسلامی بینکنگ کے فروغ کیلئے بنائی گئی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں اسلامی بینکاری اور اسلامک مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے جامع پالیسی اور لائحہ عمل مرتب کرکے سفارشات پیش کی جائیں، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک کے وفد کی سیمینار میں شرکت سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ بینک کے صدر ڈاکٹر احمد محمد علی اور دیگر سینئر منتظمین اسلامی بینکنگ کے فروغ میں دلچسپی لے رہے ہیں، مجھے یہ جان کر بھی خوشی ہوئی ہے کہ کانفرنس میں ملائشیا کے بڑے بینکر مائی بینک کے چیئرمین داتو سری اسماعیل شاہدین کو بھی مدعو کیا گیا ہے جنہوں نے بذات خود اور اپنے اور دیگر بینکوں کے ہمراہ ملائشیا میں اسلامی بینکنگ کے فروغ کے لیے قابل ستائش خدمات انجام دیں۔


خبر کا کوڈ: 341830

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/341830/اسلامی-مالیاتی-نظام-دنیا-بھر-میں-بھی-تیزی-سے-مقبول-ہورہا-ہے-ممنون-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org