QR CodeQR Code

جرائم کے سدباب کیلئے گذشتہ سال کے مقابلے میں مزید تیزی اور بہتری لائی جائے، مشتاق احمد سکھیرا

16 Jan 2014 22:39

اسلام ٹائمز: سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب میں آئی جی پولیس بلوچستان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام پولیس اہلکاروں کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دینی ہو گی۔


اسلام ٹائمز۔ انسپکٹرجنرل پولیس بلوچستان مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ جرائم کے سدباب کے سلسلے میں گذشتہ سال کے مقابلے میں مزید تیزی اور بہتری لائی جائے جبکہ مرتب کردہ فہرست کے مطابق سنگین جرائم میں ملوث مطلوب اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کی مہم کو بھی مزید تیز کیا جائے۔ اجلاس میں ریجنل پولیس افسر کوئٹہ عارف نواز، کپیٹل سٹی پولیس افسر کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ، ڈسٹرکٹ پولیس افسر پشین، قلعہ عبداللہ، مستونگ، نوشکی اور چاغی بھی موجود تھے۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ جرائم کے سدباب کے لئے گذشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ تمام ضلعی افسران کا آپس میں رابطہ رکھنے سے جرائم پیشہ افراد کی دوسرے اضلاع میں پناہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور امید ہے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے جرائم کی بیخ کنی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اجلاس کو ریجنل پولیس افسر نے کوئٹہ ریجن میں گذشتہ اور رواں سال جرائم کے سدباب کے حوالے سے کئے گئے اقدامات اور کارروائیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ آئی جی پولیس نے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس میں مزید بہتری لانے پر زور دیا۔


خبر کا کوڈ: 341852

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/341852/جرائم-کے-سدباب-کیلئے-گذشتہ-سال-مقابلے-میں-مزید-تیزی-اور-بہتری-لائی-جائے-مشتاق-احمد-سکھیرا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org