QR CodeQR Code

ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر 4 روزہ دورے پر ایران روانہ

17 Jan 2014 15:37

اسلام ٹائمز: ایران روانگی سے قبل جے یو پی کے عہدیداروں سے گفتگو میں سربراہ جے یو پی نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے ذریعے ہی ہم عالم کفر کی مکروہ سازشوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل کے صدر اور جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر 4 روزہ دورے پر ایران روانہ ہوگئے، جہاں وہ بین الاقوامی وحدت کانفرنس اور مختلف اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ روانگی سے قبل جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر محمد یونس دانش، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ناظم علی آرائیں، ضلعی کنوئنر عبدالروف الوانی پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن طاغوتی قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اسلامی اخوت اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ صاحبزادہ زبیر نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے ذریعے ہی ہم عالم کفر کی مکروہ سازشوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔
 
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو امت واحدہ بن کر اسوہ رسول (ص) پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو لڑانے کیلئے فرقہ وارانہ اور عصبیت پر مبنی گمراہ کن پروپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں، ایسے وقت میں پوری قوم کو اتحاد و یگانگت اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہئے۔ صاحبزادہ زبیر نے کراچی میں جاری ٹارگٹ آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مصلحت اور مصالحت کے نام پر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ملک کی بقاء اور سالمیت کیلئے بلاامتیاز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 341992

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/341992/ملی-یکجہتی-کونسل-کے-صدر-صاحبزادہ-ابوالخیر-محمد-زبیر-4-روزہ-دورے-پر-ایران-روانہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org