0
Saturday 18 Jan 2014 18:34

سرگودھا واقعہ کی آڑ میں گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، علامہ عبدالخالق اسدی

سرگودھا واقعہ کی آڑ میں گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ ہم سرگودھا میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں اور اصل مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا واقعہ کی آڑ میں بے گناہ کارکنوں کی گرفتاریاں برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں تحصیل دریا خان کے ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل احسان اللہ بلوچ کی گرفتاری اور نظربندی کی پرزور انداز میں مذمت کی ہے۔ ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو میں علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ ڈی پی او بھکر سرفراز فلکی متعصب اور دہشت گردوں کا سرپرست ہے، جس کی جانب سے احسان اللہ بلوچ کی گرفتاری کا حکم اس کی جانبداری کا عملی ثبوت ہے۔

علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا واقعہ سرگودھا میں ہوا ہے اور گرفتاریاں دریا خان اور بھکر میں کی جا رہی ہیں، جو کہ انتظامیہ کی نااہلی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احسان اللہ بلوچ پہلے بھی ڈی پی او سرفراز فلکی کی بربریت کی وجہ سے طویل عرصہ اسیری کاٹ کر آئے تھے، لیکن پولیس ان کے خلاف کوئی جرم ثابت نہ کرسکی اور مجبوراً انہیں رہا کرنا پڑا اور اب بھی نقص امن کا بہانہ بنا کر احسان اللہ بلوچ کی نظربندی آئینی، قانونی اور انسانی اعتبار سے کسی طور بھی مناسب عمل نہیں۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ احسان اللہ بلوچ سمیت دیگر علاقوں سے گرفتار کئے گئے کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے اور واقعہ کے اصل ملزموں کو گرفتار کیا جائے۔

علامہ اسدی نے کہا کہ ملت تشیع پاکستان پرامن قوم ہے اور ہم نے 50،50 جنازے اٹھا کر بھی امن کی بات کی ہے اور ہماری اس امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اگر صوبے میں امن چاہتی ہے تو سرفراز فلکی کو بھکر سے تبدیل کیا جائے اور ان کی جگہ غیرجانبدار افسر کا تقرر عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین روز اول سے ہی دہشت گردی کے خلاف ہے اور ہم ہر پلیٹ فارم پر امن کی بات کرتے ہیں، لیکن دہشت گردوں کے تقابل میں ہمیں دھر لیا جاتا ہے، جو قانون و انصاف کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا احسان اللہ بلوچ سمیت دیگر کارکنوں کو رہا نہ کیا گیا تو مجلس وحدت مسلمین بہت جلد اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 342470
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش