0
Saturday 18 Jan 2014 20:21

کراچی نجی چینل کے کارکنوں اور مفتی محمد عثمان یار کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں، علامہ عارف واحدی

کراچی نجی چینل کے کارکنوں اور مفتی محمد عثمان یار کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کراچی میں نجی چینل ایکسپریس نیوز کے تین کارکنوں اور مفتی محمد عثمان یار کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی اعلٰی سطح پر انکوائری کروانے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے، ملک میں کسی کی جان محفوظ نہیں، ریاست عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ صحافیوں کے قتل سے حق بات دکھانے اور لکھنے سے انہیں روکا نہیں جاسکتا اور صحافی برادری کی قربانیاں لائق تحسین ہیں، ملک کی موجودہ انتہائی سنگین صورتحال میں صحافی برادری کی جرات مندانہ کارکردگی پر پوری قوم ان کی جرات کا اعتراف کرتی ہے کہ وہ ملک کی بہتری اور بقا کے لئے اپنی قیمتی جانوں کی قربانی دے کر حقائق عوام کے سامنے لاتے ہیں۔ ہم ان کے اس عزم کو سلام پیش کرتے ہیں اور ہم صحافی برادی کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہیں۔

علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ ملک میں صحافیوں، علمائے کرام، فوج اور پولیس کے جوانوں، ججز، نمازیوں، مسافروں، وکلاء اور طالب علموں سمیت کسی کی بھی جان محفوظ نہیں ہے، دہشت گرد جہاں چاہتے ہیں اور جسے چاہتے ہیں، اسے ظلم و بربریت کا نشانہ بنا ڈالتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ حکومت ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے تمام واقعات کی اعلٰی سطحی اور شفاف انکوائری کرائے اور اس گھناؤنی سازش میں ملوث انسانیت، اسلام اور ملک کے دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچائے اور حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، مگر افسوس ابھی تک اس ذمہ داری کا حق ادا نہیں کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے جاں بحق ہونیوالے افراد کیلئے دعائے مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 342537
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش