QR CodeQR Code

مذاکرات کیلئے حکومت کا اصرار اور دہشتگردوں‌ کا انکار، حکومت کیلئے باعثِ شرم ہے، علامہ سید ہاشم موسوی

18 Jan 2014 20:31

اسلام ٹائمز: کوئٹہ میں‌ نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ کوئٹہ کا کہنا تھا کہ پشاور میں بے گناہ نمازیوں پر دھماکہ کرنا ایک بزدلانہ فعل ہے۔ تکفیری دہشتگرد مائنڈ سیٹ پورے ملک میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں، جو انتہائی قابل مذمت ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے دہشتگردوں سے مذاکرات کیلئے اصرار کرنا اور دہشتگردوں کی جانب سے مذاکراتی پیشکش کو باربار رد کرنا، حکومت اور ریاست کے منہ پر زور دار طمانچہ اور باعثِ شرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت کا کام ہوتا ہے کہ وہ ملک میں‌ ریاستی رٹ کو ممکن بنائے۔ اگر کوئی ایسا دہشتگرد گروہ ملک میں افراتفری پھیلانے اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے میں سرگرم ہے، تو یہ حکومت کا فرض بنتا ہے کہ وہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر ایسے دہشتگرد عناصر کا قلع قمع کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مزید دہشتگردی کا متحمل نہیں ہو سکتا، لہذا حکومت دہشتگردوں کا ساتھ دینے کی بجائے ملکی سطح پر ان کیخلاف فیصلہ کن کاروائی کرے۔

علامہ سید ہاشم موسوی کا مزید کہنا تھا کہ پشاور میں بےگناہ نمازیوں پر دھماکہ کرنا ایک بزدلانہ فعل ہے۔ تکفیری دہشتگرد مائنڈ سیٹ پورے ملک میں بےگناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جو قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تکفیری دہشتگرد عناصر کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں اتحاد بین المسلمین کو مزید فروغ دینا ہوگا۔ اس ضمن میں عید میلادالنبی (ص) کی مناسبت سے پورے ملک میں‌ ہفتہ وحدت منانا خوش آئند بات ہے۔ شیعہ سنی کو یکجاء ہو کر قرآن کا دامن تھام کر ان تکفیری گروہوں‌ کو شکست دینا ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 342548

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/342548/مذاکرات-کیلئے-حکومت-کا-اصرار-اور-دہشتگردوں-انکار-باعث-شرم-ہے-علامہ-سید-ہاشم-موسوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org