QR CodeQR Code

طالبان سے مذاکرات کی حامی قوتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، مولانا فضل الرحمان خلیل

19 Jan 2014 00:34

اسلام ٹائمز: مولانا سمیع الحق سے ٹیلیفونگ گفتگو کرتے ہوئے انصارالامہ پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ مولانا عثمان یار خان اور ان کے رفقاء کی شہادت کا سانحہ افسوسناک ہے، حکومت قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے۔


اسلام ٹائمز۔ انصارالامہ پاکستان کے سربراہ و دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنماء مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہا ہے کہ طالبان سے دوبارہ مذاکرات کی باتیں سامنے آنے کے بعد ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر آگئی ہے، طالبان سے مذاکرات حامی قوتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس سے واضح اشارہ ملتا ہے کہ مذاکرات مخالف قوتیں مذاکراتی عمل سبوتاژ کرنے کے لیے حرکت میں آ چکی ہیں، کراچی میں مولانا عثمان یار خان اور ان کے ساتھیوں کی شہادت اور پشاور میں تبلیغی جماعت کو نشانہ بنانا آنے والے خطرات کی نشاندہی کررہا ہے، حکومت دینی رہنماؤں کو تحفظ فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہا کہ کراچی میں مولانا عثمان یار خان اور ان کے رفقاء کی شہادت کا سانحہ افسوسناک ہے، حکومت قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے، علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے، اگر علماء کرام کی پے در پے شہادتوں کا سلسلہ نہ رکا تو اس کے بھیانک نتائج سامنے آسکتے ہیں، حکمران علماء و طلباء اور مساجد و مدارس کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں اور مساجد میں دھماکے کرکے بے گناہ مسلمانوں کو قتل کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے، یہ دشمن کے ایجنٹوں کی کاروائی ہے، اس میں بھارت اور امریکہ کی ایجنسیاں ملوث ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے خفیہ ادارے اور ایجنسیاں آخر کس مرض کی دوا ہیں وہ ان دھماکوں کے پیچھے کار فرما ہاتھوں کو بے نقاب کیوں نہیں کر سکتیں۔ مولانافضل الرحمن خلیل نے کہا کہ امریکی کانگریس کی طرف سے پاکستانی امداد کو شکیل آفریدی کی رہائی اور اس پر امریکہ کے لیے جاسوسی کے الزام واپس لینے سے مشروط کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کے غداروں کو امریکی سرپرستی حاصل ہے، امریکہ پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کرتا جارہا ہے، ڈالروں کے عوض پاکستانی ویزوں میں امریکی اہلکاروں کے لیے پابندی ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 342624

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/342624/طالبان-سے-مذاکرات-کی-حامی-قوتوں-کو-نشانہ-بنایا-جارہا-ہے-مولانا-فضل-الرحمان-خلیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org