0
Monday 20 Jan 2014 00:23
دہشتگردوں کے حامی اور انکے ہم مسلک علماء انہیں ہتھیار پھینکنے پر آمادہ کریں

دہشتگردی کا واحد حل بھرپور فوجی آپریشن ہے، صاحبزادہ حامد رضا

پاک فوج، ایف سی اور پولیس پر حملے کرنیوالوں کے حمایتی قومی مجرم ہیں
دہشتگردی کا واحد حل بھرپور فوجی آپریشن ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کی رَٹ چھوڑ کر ریاست مخالف دہشت گردوں کے خلاف فی الفور آپریشن شروع کرے، کیونکہ اب پانی سر سے گزرنے لگا ہے اور ملکی سلامتی شدید خطرات سے دوچار ہوچکی ہے۔ سکیورٹی فورسز پر بڑھتے حملے وفاقی وزیر داخلہ کی کھلی ناکامی ہیں۔ بنوں دھماکے میں 22 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر وفاقی وزیر داخلہ استعفٰی دیں اور حکومت کسی اہل اور جرأت مند شخص کو وزیر داخلہ مقرر کرے، کیونکہ چوہدری نثار علی اس عہدے کے اہل نہیں۔ حکومت کی کمزوری کی وجہ سے سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ دفاعی اداروں پر آئے روز حملوں کے باوجود حکومت مصلحتوں اور خوف میں مبتلا ہے۔ دہشت گرد دفاعی اداروں کو مفلوج کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور پوری قوم شدید عدم تحفظ کا شکار ہے۔ ان حالات میں آپریشن ہی دہشت گردی کا واحد حل ہے۔ دہشت گردوں سے مذاکرات سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کا مذاق اڑانے کے مترادف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج، ایف سی اور پولیس پر حملے کرنے والوں کے حمایتی قومی مجرم ہیں۔ حکومت فی الفور ہنگامی آل پارٹیز کانفرنس بلا کر دہشت گردی کے خلاف متفقہ قومی پالیسی کا اعلان کرے اور قومی راہنما ملکی سلامتی کے تحفظ کی خاطر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مشترکہ فیصلے کریں۔ یہ وقت پوائنٹ سکورنگ کا نہیں ہے۔ دہشت گردی کی آگ میں جلتے پاکستان کو قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے ایشو پر اپنی اپنی بولیاں بولنے کی بجائے پوری قوم اور پوری قومی قیادت کو ہم آواز ہونا چاہیے۔ دہشت گردی کے ایشو پر پارلیمنٹ میں گریٹ ڈیبیٹ کروائی جائے۔ دہشت گردوں کے حامی اور ان کے ہم مسلک علماء انہیں ہتھیار پھینکنے پر آمادہ کریں۔ حکومت ریاست کی رٹ قائم کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے۔ مذاکرات کے لیے دہشت گردوں کے انکار اور حکومت کے اصرار سے ریاست کی کمزوری ظاہر ہو رہی ہے۔ سنی اتحاد کونسل بنوں دھماکے میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 342862
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش