0
Monday 20 Jan 2014 11:28

بان کی مون نے ایران کو جنیوا ٹو اجلاس میں شرکت کی دعوت دیدی

بان کی مون نے ایران کو جنیوا ٹو اجلاس میں شرکت کی دعوت دیدی
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ شام کے بحران کے حل کیلئے ہونے والے جنیوا ٹو اجلاس میں شرکت کے لئے جمہوری اسلامی ایران کو دعوت دے دی گئی ہے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے اتوار کے روز نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈ کواٹر میں کیا۔ بان کی مون کا یہ بھی کہنا تھا کہ تہران نے اس دعوت کو قبول کرلیا ہے، جبکہ ابھی تک جمہوری اسلامی ایران کے حکام کی جانب سے سرکاری طور پر اس حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ دنوں کئی بار انہوں نے جمہوری اسلامی ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے بات کی ہے اور ایران نے جنیوا ون اجلاس کی قرارداد کو جنیوا ٹو اجلاس کی اساس کے طور پر تسلیم کرلیا ہے اور یہ وعدہ بھی کیا ہے کہ وہ شام کے بحران کے حل کیلئے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کریگا۔

بان کی مون کا مزید کہنا تھا کہ جمہوری اسلامی ایران ان دس ممالک میں سے ایک ہیں، جنہیں ابھی جنیوا ٹو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جمہوری اسلامی ایران کے علاوہ دیگر ممالک میں بحرین، اسٹریلیا، بلجیم، میکسکو، ہالینڈ، لوگزامبورگ، یونان، جنوبی کوریا نیز ویٹکن کو بھی جنیوا ٹو اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ ارسال کر دیا گیا ہے۔ اب تک تیس سے زیادہ ممالک جنیوا ٹو اجلاس میں شرکت کی دعوت کو قبول کرچکے ہیں۔

قبل ازیں جمہوری اسلامی ایران کی طرف سے یہ کہا گیا تھا کہ اگر جنیوا ٹو اجلاس میں شرکت کے لئے پیشگی شرائط رکھی گئیں تو ایران اس کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔ ہفتے کے روز ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا تھا کہ اگر بغیر کسی پیشگی شرط کے جمہوری اسلامی ایران کو جنیوا ٹو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تو ہم اس اجلاس میں شرکت کرینگے۔ محمد جواد ظریف نے اس بات کی وضاحت بھی کی کہ اس بحران کے ابتدا سے ہی جمہوری اسلامی ایران کا یہ موقف تھا کہ شام کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ جنیوا ون اور جنیوا ٹو اجلاس کے ذریعے غیر ملکی طاقتوں کی موجودگی کے بغیر شامی عوام کی مرضی کے مطابق سیاسی حل کا ایران استقبال کرے گا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے منگل کے روز اسلامی جمہوری ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبدالھیان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں جنیوا ٹو اجلاس میں ایران کی شرکت کی ضرورت پر تاکید کی تھی۔ کویت میں ہونے والی اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا تھا کہ میں نے اس خطے اور دیگر بین الاقوامی طاقتوں، جن کا شام کے بحران سے کسی نہ کسی طرح تعلق ہے، سے مذاکرات میں کہہ دیا تھا کہ شام کے بحران کے حل کیلئے جنیوا ٹو اجلاس میں جمہوری اسلامی ایران کی شرکت ضروری ہے، کیونکہ وہ اس خطے اور شام کے بحران کا ہم فریق ہے۔ روس اور شام نے بھی جنیوا ٹو اجلاس میں جمہوری اسلامی ایران کی شرکت کا کا مطالبہ کیا تھا۔ شام کے موجودہ بحران کے حل کے لئے جنیوا ٹو اجلاس 22 جنوری کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس اہم اجلاس میں شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کے نمائندگان بھی شرکت کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 342903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش