QR CodeQR Code

پی ٹی آئی حکومت نے پورے صوبے کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے، علامہ وحید کاظمی

20 Jan 2014 15:59

اسلام ٹائمز: ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے رہنماء کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ حکمرانوں کی بزدلانہ پالیسیوں کی وجہ سے دہشتگردوں کے حوصلے روز بروز بلند ہو رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے رہنماء علامہ سید وحید عباس کاظمی نے سانحہ بنوں و راولپنڈی اور ٹانک میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری رہنے پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے وفاقی اور صوبائی حکومت کی دہشتگردی کیخلاف ناقص پالیسی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ وحدت ہاوس پشاور سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی بزدلانہ پالیسیوں کی وجہ سے دہشتگردوں کے حوصلے روز بروز بلند ہو رہے ہیں، بنوں اور راولپنڈی میں دہشتگردی کے پے در پے واقعات نے ثابت کردیا ہے کہ کمزور حکومتی پالیسی کسی طور پر بھی ملک میں امن قائم کرنے میں معاون ثابت نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ بنوں میں سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو بے دردی سے نشانہ بنایا گیا جبکہ دہشتگردوں کی ترجمانی کرنے والی تحریک انصاف کی حکومت کا اتنے بڑے واقعہ پر کمزور ترین موقف اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ پی ٹی آئی نے پورے صوبے کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی میں ہائی سیکورٹی کے علاقہ میں خودکش حملہ سوالیہ نشان ہے، جب تک دہشتگردوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نہیں نمٹا جاتا ملک میں قیام امن ایک خواب ہی رہے گا۔ علامہ وحید عباس کاظمی نے ٹانک میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں سید منصور حسین شاہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ روکنے کیلئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو بھرپور احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ انہوں نے ان حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں اور شہریوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہیداء کے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔


خبر کا کوڈ: 343041

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/343041/پی-ٹی-آئی-حکومت-نے-پورے-صوبے-کو-دہشتگردوں-کے-رحم-کرم-پر-چھوڑ-رکھا-ہے-علامہ-وحید-کاظمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org