QR CodeQR Code

تحریک انصاف کا دہشتگردی کے خلاف اپنی پالیسی لانے کا اعلان

21 Jan 2014 10:37

اسلام ٹائمز: راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت اے پی سی میں تمام جماعتوں سےمینڈیٹ ملنے کے بعد بھی دہشت گردی کے خلاف کوئی پالیسی نہیں بنا سکی، خیبرپختونخوا سمیت ملک کے دیگرعلاقوں میں معصوم انسانوں کا خون بہ رہا ہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لوگوں کا خون بہہ رہا ہے، حکومت دہشتگردی کیخلاف پالیسی بنانے میں ناکام ہوچکی ہے، وزیراعظم کے پاس کسی سے ملاقات کیلئے وقت تک نہیں، تحریک انصاف دہشتگردی کیخلاف اپنی پالیسی کا جلد اعلان کرے گی۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عوامی مسلم لیگ ن کے سربراہ شیخ رشید اور شاہ محمود قریشی کے ہمراہ آراے بازار میں ہونے والے خود کش حملے کی جگہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت اے پی سی میں تمام جماعتوں سےمینڈیٹ ملنے کے بعد بھی دہشت گردی کے خلاف کوئی پالیسی نہیں بنا سکی، خیبرپختونخوا سمیت ملک کے دیگرعلاقوں میں معصوم انسانوں کا خون بہ رہا ہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی اور نہ ہی قیام امن کے لیے طالبان سے مذاکرات کے لیے کوئی بات کر سکی۔ صرف یہ کہا جا رہا ہے کہ طالبان بات چیت کے لیے تیار نہیں۔ قومی معاملات پر آج تک پارلیمنٹ کواعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی سیاسی قیادت کو، آخر یہ سلسلہ کب تک چلے گا؟

عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے نے وزیراعظم سے ملاقات کا وقت مانگا لیکن ابھی تک انہیں ملاقات کا وقت نہیں دیا گیا۔ معلوم نہیں وزیراعظم کی کیا مصروفیات ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب تحریک انصاف انتظار نہیں کرے گی، اور دہشتگردی کیخلاف جلد ہی اپنی پالیسی کا اعلان کرے گی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس شیڈول کے مطابق ہونا تھا جو ملتوی کیا گیا ہے، بتایا جائے یہ اجلاس کیوں ملتوی کیا گیا ہے، ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی، دہشت گردی سے ملک لہو لہان ہے۔ عمران خان نے بعد ازاں بوہری مسجد کا دورہ کیا اور ان کے روحانی پیشوا برہان الدین کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔


خبر کا کوڈ: 343288

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/343288/تحریک-انصاف-کا-دہشتگردی-کے-خلاف-اپنی-پالیسی-لانے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org