QR CodeQR Code

شہر میں شٹر ڈائون، شہداء کی تعداد 28 ہوگئی

سانحہ مستونگ کیخلاف کوئٹہ میں احتجاجی دھرنا شروع، لوگوں کی بڑی تعداد شریک

22 Jan 2014 11:25

اسلام ٹائمز: دھرنے کے شرکاء شہداء کی میتوں کیساتھ کھلے آسماں تلے سراپا احتجاج ہیں اور حکومت سے سوال کر رہے ہیں کہ آخر کب تک ان پر حملے ہوتے رہیں گے اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے محض تماشائی کا کردار ادا کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ گذشتہ روز مستونگ میں زائرین کی بس پر ہونے والے حملے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام شہداء چوک کوئٹہ میں دھرنا شروع ہوگیا ہے جس میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد شریک ہے۔ شرکاء شہداء کی میتوں کو لئے کھلے آسماں تلے سراپا احتجاج ہیں اور حکومت سے سوال کر رہے ہیں کہ آخر کب تک ان پر حملے ہوتے رہیں گے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے محض تماشائی کا کردار ادا کریں گے۔ دھرنے میں کوئٹہ سے ایم ڈبلیو ایم کے ایم پی اے محمد رضا رضوی سمیت مختلف شخصیات شریک ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے آج رہنماؤں کی پریس کانفرنس ہوگی جس میں وہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ دوسری طرف کوئٹہ شہر میں شٹر ڈان ہڑتال ہے، جس کے باعث نظام زندگی معطل ہے۔ پاکستان بھر کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں نے مستونگ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز ہونیوالے واقعہ کی ذمہ داری بھی لشکر جھنگوی نے قبول کی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے درین گڑھ کے مقام پر ایران سے کوئٹہ آنے والے زائرین کی بس پر گذشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 28 افراد میں سے 26 کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ 2 کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ میتیں سی ایم ایچ سے علمدار روڈ نیچاری امام بارہ منتقل کر دی گئی ہیں۔ سی ایم ایچ میں 40 زخمی زیر علاج ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین نے میتوں کے ہمراہ علمدار روڈ پر دھرنا دے دیا۔


خبر کا کوڈ: 343680

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/343680/سانحہ-مستونگ-کیخلاف-کوئٹہ-میں-احتجاجی-دھرنا-شروع-لوگوں-کی-بڑی-تعداد-شریک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org