0
Wednesday 22 Jan 2014 13:06

مستونگ میں فائرنگ سے غیر ملکی سیاح زخمی، سیکیورٹی پر مامور 6 لیویز اہلکار جاں بحق

مستونگ میں فائرنگ سے غیر ملکی سیاح زخمی، سیکیورٹی پر مامور 6 لیویز اہلکار جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ مستونگ کے علاقے درین گڑھ کے مقام پر لیویز فورس اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں لیویز کے 4 اہلکار جاں بحق جبکہ 10 اہلکاروں اور ایک غیر ملکی سیاح سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں، فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق لیویز اہلکاروں کی دو گاڑیاں ایران کے راستے پاکستان آنے والے ایک غیر ملکی سیاح کو اسکارٹ کر رہی تھی کہ مستونگ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں غیرملکی سیاح زخمی ہو گیا۔ لیویز نے جوابی فائرنگ کی تاہم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں چار اہلکار جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمی سیاح سمیت اہلکاروں کو مستونگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں غیر ملکی سیاح کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں لیویز فورس اور ایف سی کی اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر مستونگ شفقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ حملے آوروں نے ہسپانوی سائیکلسٹ کی سکیورٹی پر مامور لیویز موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 6 لیویز اہلکار موقع پر ہی جاں بحق اور غیر ملکی سیاح سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے، لیویز کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا جبکہ اس کے باقی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق حملہ آور ہسپانوی سیاح کو اغوا کرنا چاہتے تھے، سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ایران سے بلوچستان آنے والی زائرین کی بس مستونگ کے علاقے ڈرین گڑھ پہنچی تو خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی بس سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں بس میں سوار 28 زائر جاں بحق اور 32 زخمی ہو گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 343719
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش