QR CodeQR Code

گلگت، مجلس وحدت مسلمین، آئی ایس او اور آئی او کے زیراہتمام سانحہ مستونگ کیخلاف احتجاجی دھرنا

22 Jan 2014 17:40

اسلام ٹائمز: شہید کیپٹن ضمیر عباس چوک گلگت میں جاری دھرنے سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ اب بھی حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور 24 گھنٹوں کے اندر اندر آپریشن کا فیصلہ نہ کیا گیا تو مظلوموں کا یہ سمندر حکمرانوں کو بہا لے جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ سانحہ مستونگ کیخلاف ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ  ناصر عباس جعفری کے اعلان پر ایم ڈبلیو ایم گلگت ڈویژن، آئی ایس او اور آئی او گلگت ریجن کے زیراہتمام شہید کیپٹن ضمیر عباس چوک گلگت میں احتجاجی دھرنا جاری ہے، جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہے۔ دھرنے کے شرکاء سے اپنے خطاب میں مقررین کا کہنا ہے کہ مستونگ میں زائرین کی بس پر حملہ پوری قوم پر حملہ ہے۔ اس سے پہلے بنوں اور راولپنڈی میں افواج پاکستان اور پیرا ملٹری فورسز پر حملوں نے پوری قوم کو اذیت میں مبتلا کیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان، طالبان کے انسان کش حملوں کو پوری انسانیت پر حملوں سے تعبیر کرتی ہے اور شروع دن سے ہی یہ مطالبہ کرتی آئی ہے کہ ملک اور انسان دشمنوں سے مذاکرات بے معنی اور پوری پاکستان قوم کے ساتھ مذاق ہے۔ دنیا میں کہیں پر بھی دہشت گردوں کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوتے ہیں بلکہ ان دہشت گردوں کو طاقت سے کچل دیا جاتا ہے۔ پاک افواج کے آفیسروں اور جوانوں کے قاتلوں کے ساتھ مذاکرات یقیناً بزدلی اور بے غیرتی ہے۔ طالبان کے سفاک قاتل کسی رحم کے قابل نہیں۔ ان سفاک قاتلوں نے مسجدوں، امامبارگاہوں، جلوس عزا، جلوس میلاد، مارکیٹوں، مندروں، گرجا گروں، حساس اداروں کے مراکز، اہم فوجی تنصیبات پر حملے کرکے پاکستان دشمن ہونے پر مہر ثبت کر دی ہے۔ یہ کیسے حکمران ہیں کہ جن کے ہاتھ پورے پاکستانیوں کے خون سے رنگین ہیں، یہ ان درندوں سے امن کی بھیک مانگتے ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی کا مستونگ میں بیگناہ زائرین کے بہیمانہ قتل کے خلاف گلگت میں جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  بے حس اور بزدل حکمرانوں کا رویہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ ملک کی سالمیت کو داؤ پر لگانے والوں سے اب بھی مذاکرات کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی سرزمین مظلوم ملت تشیع کے خون سے رنگین ہے اور اب ہم مزید تحمل نہیں کرسکتے کہ ہمارا خون بہایا جائے اور ہم خاموش رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم افواج پاکستان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ از خود فوری طور پر ان سفاک قاتلوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرے، پاکستانی عوام اپنی بہادر فوج کا بھرپور ساتھ دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالبان آئین پاکستان کے مجرم اور ریاست کے دشمن ہیں، ایسے ظالموں سے جنگ کی جاتی ہے نہ کہ مذاکرات۔ اب بھی حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور 24 گھنٹوں کے اندر اندر آپریشن کا فیصلہ نہ کیا گیا تو مظلوموں کا یہ سمندر حکمرانوں کو بہا لے جائیگا۔ انکا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے، اسوقت تک یہ دھرنے جاری رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 343843

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/343843/گلگت-مجلس-وحدت-مسلمین-آئی-ایس-او-اور-کے-زیراہتمام-سانحہ-مستونگ-کیخلاف-احتجاجی-دھرنا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org