QR CodeQR Code

کوئٹہ میں جاری دھرنے کی اتباع میں ملک بھر میں دھرنے دیئے جائیں

ملک بھر میں طالبان دہشتگردوں کیخلاف بھرپور فوجی آپریشن کیا جائے، علامہ ناصر عباس جعفری

شہداء کے ورثاء سے وعدہ کرتا ہوں کہ آپکے مطالبات کی منظوری تک ہم بھی گھر نہیں جائینگے

22 Jan 2014 19:15

اسلام ٹائمز: کوئٹہ میں احتجاجی دھرنے سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے کہا کہ حکمرانوں نے ہمارے خون کو انتہائی سستا سمجھا ہوا ہے، اب ہم پوری دنیا کو بتائیں گے کہ ہمارا خون کتنی قیمت رکھتا ہے۔ مدارس کے نام پر بنائے گئے دہشتگردی کے مراکز وطن عزیز کیلئے ناسور بن چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری خانوادہ شہداء سے اظہار یکجہتی کے لئے ہنگامی دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔ علمدار روڈ پر خانوادہ شہداء اور ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر دشمنان دین نے ہمارے کلیجے کو چھلنی کر دیا ہے، بے درد حیوانوں نے وحشیانہ انداز میں 25 بے گناہ مسلمانوں کو موت کی نیند سلا دیا، اس بربریت کے خلاف پورے پاکستان سمیت دنیا بھر میں باضمیر انسانوں سے کہتا ہوں کے اپنے گھروں سے باہر نکلیں، اب ہم حکومت کو چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے، جب تک حکمران ان دہشت گردوں کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی عمل میں نہیں لاتے، میں شہیدوں کے ورثاء سے وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک آپ کے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم بهی گهر نہیں جائیں گے۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ شیعیان پاکستان کی جاری مسلسل نسل کشی کے بعد اب پانی سر سے اوپر ہوچکا ہے، کوئٹہ میں جاری احتجاجی دھرنے کی اتباع میں ملک بھر میں دھرنے دیئے جائیں، جب تک خانوادہ شہداء کا حکم نہ ہو کوئی گھر کو نہ جائے، حکمرانوں نے ہمارے خون کو انتہائی سستا سمجھا ہوا ہے، اب ہم پوری دنیا کو بتائیں گے کہ ہمارا خون کتنی قیمت رکھتا ہے، مدارس کے نام پر بنائے گئے دہشت گردی کے مراکز وطن عزیز کے لئے ناسور بن چکے ہیں، صوبائی اور وفاقی حکومت ان دہشت گردوں سے ڈرتی ہے، ہم خوف کھانے والی قوم نہیں، اگر ہم خوفزدہ لوگ ہوتے تو میدان میں نہ ڈٹے ہوتے بلکہ کسی غار میں چھپے ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک طالبان ہو یا لشکر جھنگوی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، اب ملک گیر آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے، فوج آگے آئے اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لئے قدم آگے بڑھائے، قوم فوج سے ایک قدم آگے کھڑی ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 343869

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/343869/ملک-بھر-میں-طالبان-دہشتگردوں-کیخلاف-بھرپور-فوجی-آپریشن-کیا-جائے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org