0
Thursday 23 Jan 2014 22:21

لاہور،ایم ڈبلیو ایم کا دھرنا جاری، تحریک منہاج القرآن کا اظہار یکجہتی

لاہور،ایم ڈبلیو ایم کا دھرنا جاری، تحریک منہاج القرآن کا اظہار یکجہتی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں شہدائے کوئٹہ کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ سٹوڈنٹس آگنائزیشن کا دھرنا جاری ہے، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ جب تک شہداء کے ورثاء کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے اور شہداء کے جنازے علمدار روڈ پر موجود ہیں ہمارے دھرنے جاری رہینگے۔ گورنر ہاؤس لاہور کے سامنے احتجاجی دھرنا دوسرے روز میں داخل ہو چکا ہے جس میں سینکڑوں مرد وخواتین اور بچے ہاتھوں میں مختلف بینرز اور پرچم اٹھا کر لبیک یاحسین (ع) کے نعرے لگاتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر شہدائے کوئٹہ کے لواحقین کے مطالبات تسلیم کر کے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ شرکائے دھرنا سے مختلف جید علماء ذاکرین آئی ایس او پاکستان کے صدر مختلف تنظیموں کے نمائندگان خطاب کر رہے ہیں۔ شرکائے دھرنا نے طالبان، لشکر جھنگوی اور ملک دشمن تنظیموں کیخلاف فیصلہ کن آپریشن کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک دشمن تنظیمو ں کو لگام دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ جس کے نتیجے میں آج ان سے پاک فوج، پولیس، صحافی، عام شہری، مساجد امام بارگاہیں چرچ محفوظ نہیں۔

دھرنے میں منہاج القرآن کے وفد علماء مشایخ ونگ کے رہنما سید فرحت حسین شاہ کی قیادت میں شرکت کی جس کا شرکاء دھرنا اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوُں نے بھرپور استقبال کیا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن کے رہنما سید فرحت حسین شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، ریاست کے ناکامی کا اصل ذمہ دار یہ نااہل حکمران ہیں، طالبان خوارج کا ٹولہ ہے جو دنیا میں اسلام کا نام بدنام کرنے کیلئے مغرب اور بعض ناعاقبت اندیش عرب ممالک کی سازشوں پر یہ خونی کھیل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کیخلاف آہنی ہاتھوں نمٹنا ہو گا، تحریک منہاج القرآن ہر حال میں اپنے شیعہ بھائیوں کیساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ طاہرالقادری نے طالبان اور خوارج کیلئے 600 صفحات پر مشتمل مدلل فتویٰ دے کر ان کے مسلمانیت سے پردہ اُٹھا دیا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوُں علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ امتیاز کاظمی، علامہ سید جعفر موسوی، علامہ سید مبارک علی موسوی، علامہ سید حیدر موسوی، علامہ سید حسین نجفی، علامہ حسنین عارف، سید اسد عباس نقوی و دیگر کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی بے حسی اور خوف کی شدید مذمت کرتے ہیں ملک دشمن دہشت گردوں کیخلاف فوری فوجی آپریشن کیا جائے، جو لوگ ہماری افواج کے جوانوں کے قاتل ہیں، جو بیگناہ زائرین کے قاتل ہیں، جو پولیس فورسز کے قاتل ہیں ان کو اپنا کہنا اور مذاکرات کے نام پردہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دینا ملک سے غداری کے مترادف ہے۔ علامہ امتیاز کاظمی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گزشتہ آٹھ ماہ سے قوم کو مذاکرات کے نام پر بیوقوف بنا رکھا ہے، حکومت کی پالیسیوں سے دہشتگردوں کو سینکڑوں محب وطن بیگناہوں کا خون بہانے کا موقعہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عجیب بے حسی کا عالم ہے کہ بیگناہ شہید کئے جانیوالے اس ملک کے عوام کو وفاقی حکومت خالی تسلی و تشفی دینے سے بھی گریزاں ہے۔
خبر کا کوڈ : 344299
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش