QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، پولیس چھاپوں کیخلاف گورنمنٹ ڈگری کالج کے طلباء کا احتجاجی مظاہرہ

25 Jan 2014 19:11

اسلام ٹائمز: شہر میں دہشتگردی کا سلسلہ شروع ہونیکے بعد ہاسٹل میں مسلح افراد کی آمد و رفت بھی جاری ہوگئی۔ پولیس نے ہاسٹل سے باہر بارہا ایسے افراد کو گرفتار کیا، جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور طالب علم نہ ہونیکے باوجود ہاسٹل میں رہائش پذیر تھے۔


اسلام ٹائمز۔ گورنمنٹ پولی ٹیکنیک کالج، ڈی آئی خان کے درجنوں طلباء نے ہاسٹل میں پولیس چھاپوں کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ راستے کی بندش کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی۔ طلباء نے کالج انتظامیہ اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ہاسٹل دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا۔ مشتعل طلباء کا کہنا تھا کہ پولیس نے رات کی تاریکی میں چھاپے مار کر ہاسٹل کو سیل کر دیا ہے۔ ہاسٹل بند ہونے کی وجہ سے طلباء کو رہائش کے حوالے سے شدید مسائل کا سامنا ہے۔ طلباء نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ہاسٹل کو دوبارہ اسٹوڈنٹس کے حوالے کیا جائے اور چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ 

اسلام ٹائمز کے ذرائع کے مطابق گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج کا ہاسٹل نمبر 2 جسے گاگا ہاسٹل کا نام دیا گیا ہے، قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے جرائم پیشہ افراد کی ایک پناہ گاہ بنا ہوا ہے۔ یہ ہاسٹل عملی طور پر گاگا نامی ایک شخص کے زیر کنٹرول ہے، جو کالج سے 12سال قبل تعلیم ادھوری چھوڑ کر ہاسٹل کو اپنا اڈا بنائے ہوئے ہے۔ شہر میں دہشت گردی کے عفریت کے داخلے سے قبل اس ہاسٹل میں منشیات اور دیگر غیر قانونی سرگرمیاں عروج پر تھیں، چونکہ کالج انتظامیہ کی اجازت کے بغیر پولیس ہاسٹل اور تعلیمی اداروں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی، اس لیے یہ ہاسٹل غیر قانونی سرگرمیوں کا محفوظ مرکز بن چکا تھا۔ 

شہر میں دہشت گردی کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد ہاسٹل میں مسلح افراد کی آمد و رفت بھی جاری ہوگئی۔ پولیس نے ہاسٹل سے باہر بارہا ایسے افراد کو گرفتار کیا، جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور طالب علم نہ ہونے کے باوجود ہاسٹل میں رہائش پذیر تھے۔ چنانچہ ان بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے اور ہاسٹل کو عملی طور پر طالب علموں کے سپرد کرنے کے لیے پولیس نے کالج انتظامیہ کی اجازت سے ہاسٹل پر چھاپے مارے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے ہاسٹل کو سیل کر دیا۔ جس کے خلاف یہ مظاہرہ کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 344933

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/344933/ڈی-آئی-خان-پولیس-چھاپوں-کیخلاف-گورنمنٹ-ڈگری-کالج-کے-طلباء-کا-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org