0
Saturday 25 Jan 2014 20:25

پشاور، 9 ہزار اساتذہ کا پولیو مہم میں حصہ لینے سے انکار

پشاور، 9 ہزار اساتذہ کا پولیو مہم میں حصہ لینے سے انکار
اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں 9 ہزار سے زیادہ اساتذہ نے قلیل معاوضوں اور سیکورٹی خدشات کے باعث کل اتوار کو شروع ہونے والی پولیو مہم میں حصہ لینے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر ملک خالد کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد اساتذہ نے کل سے شروع ہونے والی پولیو مہم میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے اتحاد کا مشترکہ فیصلہ ہے۔ 
ملک خالد نےکہا کہ اساتذہ اتنے کم معاوضے اور سیکورٹی خدشات میں کام نہیں کرسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیچر گھر گھر مہم نہیں چلا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اپنے اپنے سکولوں میں کیمپ لگانے کے لئے تیار ہیں۔ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ ملک بالخصوص خیبر پختونخواہ میں پولیس اور دیگر اہلکار محفوظ نہیں تو ایک عام پولیو ورکر کیسے محفوظ رہ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ پشاور کی انتظامیہ نے کل سے شروع ہونے والی مہم کے لئے 9 ہزار اساتذہ کی ڈیوٹی لگائی تھی۔ اساتذہ کا انکار خیبر پختونخواہ کے ضلع چارسدہ میں حفاظتی ٹیکوں کے کارکنوں پر حملوں پر پولیس ٹیم کے تحفظ فراہم کرنے کی ناکامی کے چند دنوں بعد سامنے آیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں پشاور کو دنیا بھر میں پولیو وائرس کا گڑھ قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 90 فیصد پولیو وائرس جینیاتی طور پر پشاور میں موجود وائرس جیسے ہی ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ 2013ء میں 2012ء کے مقابلے میں زیادہ پولیو کیسز سامنے آئے تھے۔ ادارے کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال 91 پولیو کیسز ریکارڈ کئے گئے تھے، جبکہ 2012ء میں 58 اور رواں سال میں چار نئے پولیو کیسز سامنے آئے ہیں۔ پاکستان دنیا کے ان 3 ملکوں میں شامل ہے جہاں اس مہلک بیماری سے بچوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہے، لیکن ملک بھر میں کافی عرصے سے مسلسل پولیو ٹیموں کو نشانہ بنائے جانے سے یہ مہم متاثر ہورہی ہے.
خبر کا کوڈ : 345017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش