QR CodeQR Code

ملی یکجہتی کونسل پنجاب کی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب، دہشتگردی کیخلاف متفقہ لائحہ عمل کا امکان

26 Jan 2014 20:33

اسلام ٹائمز: فرقہ وارانہ دہشت گردی کا خاتمہ، ملی یکجہتی کونسل کے قائدین کی اہم ملاقات چند روز میں متوقع، ملی یکجہتی کونسل پنجاب کی مجلس عاملہ کا اجلاس کل لاہور میں جبکہ 30 جنوری کو اسلام آباد میں رحمت العالمین کانفرنس طلب کر لی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ملک میں جاری فرقہ وارانہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ملی یکجہتی کونسل کے قائدین کی اہم ملاقات چند روز میں متوقع ہے۔ دہشتگردی کی تدارک کیلئے متفقہ لائحہ عمل طے کئے جانے کا امکان ہے جبکہ یکجہتی کونسل نے کل (پیر کو )پنجاب کی مجلس عاملہ اور 30 جنوری کو اسلام آباد میں رحمت العالمین کانفرنس طلب کر لی ہے۔ باوثوق ذرائع نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ ملی یکجہتی کونسل کے قائدین کا اہم ملاقات چند روز میں متوقع ہے تاکہ ملک میں جاری فرقہ وارانہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کیلئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن، اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی اور ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ و جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے قائد صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کی اسلام آباد میں جلد ملاقات ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں صاحبزادہ ابوالخیر تمام قائدین سے مسلسل ٹیلی فونک رابطہ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ملی یکجہتی کونسل پنجاب کی مجلس عاملہ کا اجلاس بھی کل لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے جس میں ملک میں جاری فرقہ وارانہ دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائیگا اور اسلام آباد 30 جنوری کو اسلام آباد ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام ہونیوالی رحمت العالمین کانفرنس کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بریلوی مکتب فکر کی کچھ جماعتوں کی طرف سے طالبان کے خود کش حملوں کیخلاف فتوے بھی جاری ہو چکے ہیں جبکہ اہل تشیع کی کچھ تنظیموں نے طالبان کیخلاف آپریشن اور کچھ تنظیموں نے مشروط آپریشن کا مطالبہ بھی کیا ہوا ہے۔ اس سلسلے دیوبندی جماعتوں کا موقف ہے کہ طالبان سے مذاکرات کر کے ہی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کے قائدین میں ہونیوالی ملاقات میں یہ معاملہ بھی زیر غور آئیگا۔


خبر کا کوڈ: 345269

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/345269/ملی-یکجہتی-کونسل-پنجاب-کی-مجلس-عاملہ-کا-اجلاس-طلب-دہشتگردی-کیخلاف-متفقہ-لائحہ-عمل-امکان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org