0
Sunday 26 Jan 2014 22:44

مٹھی بھر عناصر کے ہاتھوں ملک اور خطے کو یرغمال نہیں بننے دینگے، ایف سی بلوچستان

مٹھی بھر عناصر کے ہاتھوں ملک اور خطے کو یرغمال نہیں بننے دینگے، ایف سی بلوچستان

اسلام ٹائمز۔ فرنٹیئر کور کے عملے نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر اور دہشتگردوں کی سرکوبی کا عزم کر رکھا ہے۔ مٹھی بھر عناصر کے ہاتھوں ملک اور خطے کو یرغمال نہیں بننے دیں گے۔ پنجگور اور گرد و نواح میں بدامنی اور بےچینی کی وجہ سے صحت، تعلیم اور کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ علاقے سے بدامنی کے خاتمے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے پرعزم ہیں۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ایف سی، پولیس اور لیویز کے کیمپوں اور سرکاری املاک پر فائرنگ، راکٹ اور آئی ای ڈیز حملوں میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے۔ پنجگور میں گذشتہ سال میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں 12 شہریوں کی ہلاکت، 15 اہم تنصیبات پر حملے، 12 اغواء اور لوٹ مار کے واقعات، ایف سی قافلوں پر7 بارودی دھماکے، 40 راکٹ حملے، ایف سی چیک پوسٹوں پر 66 بار فائرنگ کی گئی۔ اس صورتحال کے پیش نظر ایف سی بلوچستان نے پنجگور میں حالات کی بہتری کیلئے انٹیلی جنس اداروں کی اطلاعات پر مجرموں اور دہشت گردوں کی سرکوبی کا عزم کرتے ہوئے پنجگور کے علاقے وشبود میں انتہائی مطلوب 8 سے 10 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر 24 جنوری کو صبح 8 بجے آپریشن کا آغاز کیا۔ جس میں ایف سی کے تقریباً 200 سے زائد جوانوں نے حصہ لیا۔

آپریشن کے پہلے مرحلے میں انتہائی سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ جس کی بنیادی وجہ دہشت گردوں کے پاس موجود بڑی مقدار میں خود کار ہتھیار اور وافر مقدار میں اسلحہ وایمونیشن کی موجودگی تھی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے بار بار تنبیہ کی گئی کہ ہتھیار ڈال دیں۔ مگر انہوں نے ہتھیار ڈالنے کی بجائے گھر میں موجود عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر فورسز پر حملے جاری رکھے۔ جس پر فورسز نے حالات کی سنگینی کا جائزہ لینے کے بعد وہاں موجود خواتین اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے آپریشن کو طویل کیا۔ جو 26 گھنٹے تک جاری رہا۔ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشت گردوں نے عورتوں کے لباس میں فرار ہونے کی بھی ناکام کوشش کی۔ آپریشن کے دوران شرپسندوں اور ان کی مدد کیلئے آنے والے مختلف آزادی پسند گروپوں نے شدید مزاحمت کی اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ایک دن اور رات پر محیط آپریشن 25 جنوری کی صبح 10 بجے آپریشن کو پایہ تکمیل کو پہنچا۔ آپریشن وشبود کے دوران انتہائی مطلوب 4 دہشتگرد مارے گئے اور 7 نے ہتھیار ڈال دیئے۔ جن کو زندہ گرفتار کیا گیا۔ ان دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہتھیار اور اسلحہ برآمد ہوا۔ جن میں 9 عدد سب مشین گن، 2 عدد لائٹ مشین گن، 1 سنائپر رائفل، 1 بارہ بور رائفل، راکٹ لانچر اور سیٹلائٹ فون اور سم شامل ہیں۔ دہشتگردوں کے ٹھکانوں میں موجود چار خواتین اور آٹھ بچوں کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک دن ایک رات اس لئے جنگ جاری رکھی گئی کہ ہماری پہلی ترجیح یہ تھی کہ بچوں اور عورتوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔

خبر کا کوڈ : 345292
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش