QR CodeQR Code

خوشاب کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کا الزام، پی ٹی آئی کارکن اور اعلیٰ قیادت سڑکوں پر

27 Jan 2014 19:57

اسلام ٹائمز: عمران خان نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ دھاندلی کیخلاف سپریم کورٹ تک جائیں گے اور شفاف انتخابات کیلئے سڑکوں پر رہنا پڑا تو بھی رہیں گے، کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ دھاندلی کے بل بوتے پر حکومت کر لے گا۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف نے این اے 69 خوشاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کیخلاف الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کیا اور حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست دائر کردی، عمران خان کہتے ہیں دھاندلی کیخلاف سپریم کورٹ تک جائیں گے اور شفاف انتخابات تک سڑکوں پر رہنا پڑا تو بھی رہیں گے۔ تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے ہیڈ آفس کے سامنے احتجاج کیا اور حلقہ این اے 69 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے امیدوار عمر اسلم کے دستخطوں سے درخواست جمع کروائی، درخواست میں فنگر پرنٹس کے ذریعے بوگس ووٹ معلوم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عمران خان نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ دھاندلی کیخلاف سپریم کورٹ تک جائیں گے اور شفاف انتخابات کیلئے سڑکوں پر رہنا پڑا تو بھی رہیں گے، کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ دھاندلی کے بل بوتے پر حکومت کر لے گا، چیف جسٹس انتخابات میں دھاندلی کا نوٹس لیں۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ کیلئے الیکشن کمیشن نے خود ایک گھنٹہ بڑھایا، امیدواروں یا ریٹرننگ افسر نے پولنگ کا وقت بڑھانے کیلئے نہیں کہا۔ عمران خان نے کہا کہ 11 مئی کے انتخابات میں تاریخی دھاندلی کی گئی، پی ٹی آئی نے 4 حلقوں میں ووٹوں کی تفتیش کا کہا تھا تو 3 حلقوں میں امیدواروں نے حکم امتناع لے لیا۔ این اے 69 خوشاب کے ضمنی انتخابات میں نواز لیگ کے ملک عزیر کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے عمر اسلم کو 20 ہزار ووٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔


خبر کا کوڈ: 345584

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/345584/خوشاب-کے-ضمنی-انتخاب-میں-دھاندلی-کا-الزام-پی-ٹی-آئی-کارکن-اور-اعلی-قیادت-سڑکوں-پر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org